وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے بطور احتجاج کل سے بند کرنے کا اعلان

لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کومیونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج کا فیصلہ کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 29 نومبر 2021 16:55

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے بطور احتجاج کل سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) : وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی ادارے بطور احتجاج کل سے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کومیونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے بطور احتجاج کل سے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

چیئرمین فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں کو بلدیاتی ادارے کے میئر کے ماتحت کر دیا۔ اندیشہ ہے کہ ملازمین کی سول گورنمنٹ کا اسٹیٹس ختم کردیا جائے گا اور ادارے پرائیویٹ ہو سکتے ہیں، تعلیمی اداروں میں سیاسی دخل اندازی کا خدشہ ہے، کل سے بچوں کو نہیں پڑھائیں گے، اساتذہ و غیر تدریسی عملہ اداروں میں احتجاج کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز اپنے بیان میں فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین فضل مولا نے آرڈیننس کے ذریعے ایم۔سی۔آئی کے ماتحت کرنے کے خلاف تحریک کے بارے میں واضح طور پر یہ کہا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی ادارے کارکردگی کے حوالے سے پورے ملک میں ایک مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محکمہ تعلیم کے اساتذہ کرام انتہائی تعلیم یافتہ اور پروفیشنل ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں ہمارا کام معاشرے کی تعمیر و تربیت ہے۔

فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین فضل مولا کا کہنا تھا کہ ہم لاکھوں بچوں کی زندگی داؤ پر نہیں لگا سکتے، یہ وفاقی محکمہ تعلیم کے 20 ہزار پر امن ملازمین پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو ٹکڑوں میں بانٹنا اور کارپوریشن کے تحت کرنا ہمارے لیے کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔