اومیکرون کے مزید کیسز رپورٹ، متعدد ممالک نے سرحدیں بند کردیں

نیدرلینڈز میں اومیکرون کے 13، کینیڈا اور آسٹریلیا میں دو دو کیسز رپورٹ

پیر 29 نومبر 2021 19:23

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ (اومیکرون) پوری دنیا میں پھیل رہا ہے جس کے بعد متعدد ممالک نے اپنی سرحدیں بند کردی ہیں جبکہ محققین نے کورونا کے مقابلے میں اومیکرون وائرس کے خطرناک ہونے یا نہ ہونے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقہ کے محققین نے اومیکرون کی شناخت چند روز پہلے کی تھی اور ابھی تک اس کے بارے میں بہت کچھ معلومات نہیں ہیں۔

اس بارے میں بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ وائرس زیادہ متعدی ہے۔اسرائیل نے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا اور مراکش نے کہا کہ وہ پیر سے شروع ہونے والی تمام آنے والی پروازوں کو دو ہفتوں کیلئے معطل کر دے گا۔ہانگ کانگ، یورپ سے شمالی امریکا تک کئی جگہوں پر سائنسدانوں نے اس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

نیدرلینڈز میں اومیکرون کے 13، کینیڈا اور آسٹریلیا میں دو دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

امریکا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرانسس کولنز نے اس بات پر زور دیا کہ ابھی تک کوئی ایسا ڈیٹا نہیں ہے جس سے یہ معلوم ہوسکے کہ نئی قسم کووڈ 19 کی پچھلی اقسام سے زیادہ سنگین بیماری کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ زیادہ متعدی ہے، جب آپ دیکھتے ہیں کہ یہ جنوبی افریقا کے متعدد اضلاع میں کتنی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ویرینٹ کے ایک شخص سے دوسرے میں پھیلنے کا امکان واضح ہے۔کولنز نے زور دیا کہ ویکسینیشن، بوسٹر شاٹس اور ماسک پہننے جیسے اقدامات کے عمل کو دگنا کردیا جائے، ’میں جانتا ہوں، امریکی شہری ان باتوں کو سن کر تھک چکے ہیں لیکن وائرس ہم سے نہیں تھکا ہے۔ڈچ پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے تصدیق کی کہ جنوبی افریقا سے جمعے کو پہنچنے والے 13 افراد میں اومیکرون کی تشخیص ہوئی ہے۔

وہ ان 61 افراد میں شامل تھے جن کا پرواز پر پابندی کے نفاذ سے قبل ایمسٹرڈیم کے شیفول ہوائی اڈے پر آخری دو پروازوں پر پہنچنے کے بعد وائرس کا مثبت ٹیسٹ آیا تھا۔کینیڈا کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اومیکرون کے دو کیسز اونٹاریو میں پائے گئے جب دو افراد جنہوں نے حال ہی میں نائیجیریا سے سفر کیا تھا۔آسٹریلیا میں حکام نے کہا کہ افریقہ سے سڈنی پہنچنے والے دو مسافر نئے قسم وائرس کا شکار ہوئے ہیں، افریقی ممالک سے آنے والوں کو اب آمد پر ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کی ضرورت ہے۔

دو جرمن ریاستوں میں ہفتے کے آخر میں واپس آنے والے مسافروں میں کل 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔اسرائیل نے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور بیرون ملک سے آنے والے تمام اسرائیلیوں کے لیے قرنطینہ کو لازمی قرار دیا ہے۔