3 دن کی تنزلی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

پیر کے روز امریکی خام تیل کی قیمت 70 ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 75 ڈالرز کی سطح کو عبور کر گئی

muhammad ali محمد علی پیر 29 نومبر 2021 23:49

3 دن کی تنزلی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ ..
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 نومبر2021ء) 3 دن کی تنزلی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ، پیر کے روز امریکی خام تیل کی قیمت 70 ڈالر جبکہ برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت 75 ڈالرز کی سطح کو عبور کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پیر کے روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق پیر کے روز کچھ وقت کیلئے برینٹ کروڈ آئل 77 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل 72 ڈالر فی بیرل کی سطح کو عبور کر گیا۔ آخری اطلاعات تک برینٹ کروڈ آئل 3 فیصد اضافے سے 75 عشاریہ 02 ڈالرز، جبکہ امریکی خام تیل 4 عشاریہ 3 فیصد کے اضافے سے 71 عشاریہ صفر 08 ڈالرز کی قیمتوں پر ٹریڈ ہوئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بدترین گراوٹ دیکھنے میں آئی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد مغربی ممالک کی مارکیٹس خوف اور غیر یقینی کی صورتحال کا شکار ہو گئیں۔ کورونا وائرس کی نئی قسم پھیلنے کے خدشات کی وجہ سے یورپی ممالک کی مارکیٹس گزشتہ جمعہ کے روز شدید مندی کا شکار ہو گئی، جبکہ تیل کی عالمی مارکیٹ کو بھی طویل عرصے بعد بدترین مندی کا سامنا کرنا پڑا۔

بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ڈیڑھ سال کے دوران سب سے بڑی یومیہ گراوٹ دیکھنے میں آئی، خام تیل کی قیمتیں میں 12 فیصد گر گئیں۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 7 ڈالر فی بیرل سے زائد کی کمی ہوئی جس سے فی بیرل قیمت 70 ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی 8 ڈالر سے زائد کی کمی ہوئی ہے جس سے فی بیرل قیمت 73 ڈالرز کی سطح تک گر گئی۔ عالمی میڈیا کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں یہ کمی اپریل 2020ء کے مقابلے میں سب سے بڑی کمی ہے جو کہ ڈیڑھ سال بعد ہوئی۔