غیرملکی کارکن سعودی عرب سے اپنے ممالک پہلے سے بھی زیادہ ریال بھیجنے لگے

اکتوبر2021 کے دوران تارکین وطن نے اپنے ممالک میں اکتوبر2020 کے مقابلے میں زیادہ رقم بھیجی اور سالانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 نومبر 2021 12:29

غیرملکی کارکن سعودی عرب سے اپنے ممالک پہلے سے بھی زیادہ ریال بھیجنے ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2021ء) غیرملکی کارکن سعودی عرب سے اپنے ممالک پہلے سے بھی زیادہ ریال بھیجنے لگے ، اکتوبر2021ء کے دوران تارکین وطن نے اپنے ممالک میں اکتوبر2020ء کے مقابلے میں زیادہ رقم بھیجی ، ترسیلات زر میں سالانہ کی بنیاد پر24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودیہ سے بیرون ممالک بھیجی گئی رقم میں 311 ملین ریال کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، تارکین وطن نے رواں برس اکتوبر کے مہینے میں 13.47 ارب ریال ارسال کیے جب کہ گزشتہ برس اکتوبر میں 13.16 ارب ریال بھیجے گئے تھے ، اس طرح ترسیلات زر میں سالانہ24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی سینٹرل بینک ساما نے اکتوبر کے دوران ترسیل زر اور 2020 کے اکتوبر کے دوران کے ترسیلِ زر کے اعداد و شمار جاری کیے جن سے معلوم ہوا کہ سالانہ کی بنیاد پر پچھلے مہینے ترسیلِ زر میں اضافہ ہوا اور یہ مسلسل تیسرے ماہ ترسیل زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر 2021کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ ترسیلات زر کی گئی ہیں ، اس دوران سعودی عرب سے 2.02ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئی ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات رہا ہے، جہاں سے جولائی تا ستمبر 2021میں 1.54ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی ہیں ، برطانیہ سے 1.12ارب ڈالر اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 836.1ملین ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہوئی ہیں۔