یو اے ای جون 2022ء میں نائنٹی 90 بیش لیگ کی میزبانی کرے گا

ٹورنامنٹ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے بینر تلے کھیلا جائے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 دسمبر 2021 14:34

یو اے ای جون 2022ء میں نائنٹی 90 بیش لیگ کی میزبانی کرے گا
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم دسمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں اگلے سال نائنٹی 90 بیش کے نام سے ایک بالکل نئی بین الاقوامی فرنچائز کرکٹ لیگ شروع کی جائے گی اور تاریخی شارجہ کرکٹ سٹیڈیم اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹ ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے بینر تلے کھیلا جائے گا جو چیئرمین ای سی بی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری اور بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے زیر کنٹرول ہے ۔

ایونٹ کا انعقاد شارجہ کرکٹ کونسل سنچری ایونٹس اور سپورٹس کے تعاون سے کیا جائے گا۔ نائنٹی 90 بیش متحدہ عرب امارات کرکٹ کے بانی عبدالرحمن بختیر، اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال اور سنرجی گروپ آف کمپنیز کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران چوہدری کی اجتماعی سوچ ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کو لگتا ہے کہ نائنٹی 90 کرکٹ کھیل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ نے ترقی کی ہے اور کرکٹ کو اب ایک قدم آگے جانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے پاس پیش کرنے کے لیے کچھ بالکل نیا ہے اور پوری ٹیم توقع کرتی ہے کہ ٹورنامنٹ شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ نائنٹی 90 بیش کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور کئی مشہور عالمی کاروباری گھرانے، کرکٹ آئیکونز اور کھلاڑی 90 گیندوں کے اس کھیل کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔