سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی پہلی برسی جمعرات کو منائی گئی

جمعرات 2 دسمبر 2021 22:31

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2021ء) سابق وزیر اعظم پاکستان میر ظفر اللہ خان جمالی کو جہان فانی سے رخصت ہوئے ایک برس بیت گیا 2دسمبر جمعرات کو ان کی پہلی برسی منائی گئی ۔سابق وزیر اعظم میر ظفر اللّٰہ خان جمالی یکم جنوری 1944 کوروجھان کے سیاسی خاندان میں پیدا ہوئے۔میر ظفر اللّٰہ خان جمالی کا شمار بلوچستان کے انتہائی معتبر اور نمایاں سیاستدانوں میں ہوتا ہے، وہ وزیر اعظم پاکستان کے منصب پر بھی فائز رہے، ظفر اللّٰہ جمالی وزیر اعلیٰ اور نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی رہے، اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی وزیر سمیت وہ دو بار سینیٹ کے رکن بھی رہے ہیں۔

سابق صدر جنرل ضیاء الحق کے دور میں انہیں وفاقی کابینہ میں وزیر مملکت مقرر کیا گیا، 1993 کے عام انتخابات میں وہ مسلم لیگ کے ٹکٹ پر دوبارہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوگئے۔

(جاری ہے)

وہ 1994 اور 1997 میں سینیٹ کے رکن بھی رہے اور 1997 میں دوبارہ نگراں وزیراعلی بلوچستان رہے، میر ظفراللّٰہ خان جمالی وزیر اعظم پاکستان کے منصب پر فائز رہے، وہ 23 نومبر 2002 کو پاکستان کے تیرہویں وزیراعظم منتخب ہوئے ان کے وزرات عظمی کے دور میں بھارت سے ایل او سی پر سیز فائر کا معاہدہ طے پایا، تاہم 26 جون 2004 کو وزرات عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہوگئے تھے۔انہیں کھیلوں سے بھی بہت دلچسپی تھی، وہ زمانہ طالب علمی میں خود بھی ہاکی کھیلتے رہے، وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔