لاہور، کابینہ کمیٹی برائے قانون کا 77 واں اجلاس

مختلف محکموں کے دس ایجنڈا امور زیر غور آئے اور اجلاس کی جانب سے متعدد امور کی منظوری

جمعرات 2 دسمبر 2021 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2021ء) وزیر قانون و کوآپریٹوز پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکریٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے قانون کا 77 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) و متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز بھی موجود تھے۔اجلاس میں مختلف محکموں کے دس ایجنڈا امور زیر غور آئے اور اجلاس کی جانب سے متعدد امور کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

منظور کی جانے والی تجاویز میں پنجاب کے 35 مقامات پر پن بجلی کے چھوٹے منصوبے لگانے کے لیے گائیڈ لائنز ، رواں مالی سال کے لیے گاڑیوں کی انسپکشن فیس میں دس فیصد اضافے کی تجویز، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے لیے طحٰہ محمد کے نام کی منظوری، پنجاب لگژری ہاؤس ٹیکس رولز 2014 ء، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے غیر سرکاری ممبر امجد وحید کا استعفی اور قائد اعظم تھرمل پاور کمپنی کے بورڈ میں ظہیر کھوکھر، محمد علی، فرخ افضل اور وسیم اختر کی نامزدگی شامل ہے۔

لاہور والڈ سٹی کا دائرہء کار پورے صوبے تک بڑھانے کی تجویز اور محکمہ ماہی پروری اور ویٹرنری یونیورسٹی لاہور کے مابین تحقیقاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایم او یو کی تجویز مزید غور و خوض کے لیے ملتوی کر دی گئی۔