بیلجیم میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں چار ماہ کے دوران 37.7 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

جمعہ 3 دسمبر 2021 12:18

بیلجیم میں  مقیم  پاکستانی  محنت کشوں  کی ترسیلات زر میں   چار ماہ  کے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2021ء) بیلجیم میں مقیم پاکستانی  محنت کشوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37.7 فیصد  اضافہ ریکارڈ  کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر تک کی مدت میں بیلجیم میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں نے 101.6 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37.7 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بیلجیم میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 73.8 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ اکتوبر کے مہینہ میں بیلجیم سے ترسیلات زر کا حجم 24.3 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ حجم 17.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات اور ترغیبات کے نتیجہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں11.9 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔