غیر ملکی شہری پر تشدد کے بعد لاش کی جس طرح بے حرمتی کی گئی وہ درندگی، سفاکیت اور وحشت ہے ‘ ہائیکورٹ بار

واقعہ میں ملوث تمام افراد کو فی الفور گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے ‘ عہدیداروں کا مشترکہ بیان

ہفتہ 4 دسمبر 2021 12:21

غیر ملکی شہری پر تشدد کے بعد لاش کی جس طرح بے حرمتی کی گئی وہ درندگی، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سیالکوٹ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی شہری کو جس طرح اسے مارا گیا اور لاش کی بے حرمتی کی گئی وہ صریحاً درندگی، سفاکیت اور وحشت کے زمرے میں آتی ہے۔

(جاری ہے)

صدر محمد مقصود بٹر ،نائب صدر مدثر عباس مگھیانہ ،سیکرٹری خواجہ محسن عباس اور فنانس سیکرٹری فیصل توقیر سیال نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ دین کی آڑ میں کسی شخص پر جھوٹا الزام لگانے والا شخص اصل توہین کا مرتکب ہے ،ایسے واقعات دین اور مسلمانوں کو بدنام کر رہے ہیں،اس انتہائی افسوسناک واقعہ میں ایک ہجوم نے خود ہی مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام لگایا،خود ہی فیصلہ کیا اور غیر ملکی شخص کو ظالمانہ طریقے سے قتل کر کے اسکی لاش کو سڑک پر گھسیٹا گیا پھر آگ لگا دی گئی جو کہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے خلاف ہے۔

مطالبہ ہے کہ مذکورہ واقعہ میں ملوث تمام افراد کو فی الفور گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ اس قسم کے واقعات کی بیخ کنی کیلئے مناسب اقدامات کر کے پاکستان کا تشخص بہتر کیا جائے۔