سید علی گیلانی کی گرانقدرخدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ترکی کے معروف نغمہ نگار اور گلوکار ترگئی ایورن کے نغمے کی تقریب رونمائی

کشمیری عوام بھارتی تسلط میں شدید مسائل کا شکار ہیں۔ عالمی برادری کو کشمیریوں کی حالت زار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،ترگئی ایورن

ہفتہ 4 دسمبر 2021 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2021ء) عظیم مرحوم کشمیری حریت راہنماء سید علی گیلانی کی گرانقدرخدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ترکی کے معروف نغمہ نگار اور گلوکار ترگئی ایورن کے نغمے کی تقریب رونمائی این پی سی میں منعقد ہوئی جسکے میزبان سیاسی و سماجی راہنماء اور حریت راہنماء الطاف احمد بھٹ تھے۔ جبکہ ترک نغمہ نگار اور گلوکار ترگئی ایورن ور انکی اہلیہ، صدر این پی سی شکیل انجم، سیکرٹری انور رضا، پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ اورعبدالرشید ترابی سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی۔

تقرین کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تلاوت کلام کی سعادت بشیر عثمانی نے حاصل کی، تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ترگئی ایورن کا کہنا تھا کہ میں ان تمام دوستوں کا شکر گزارہوں جنہوں نے اس نغمے کی تیاری میں میرا ساتھ دیا، ہمیں اپنے ہیروز کے کارناموں کو سراہنے اور نوجوان نسل کو بتانے کی ضرورت ہے، میں نے اپنے نغموں کے ذریعے جدوجہد کشمیر میں حصہ ڈالنے کی کوشش کی ہے کشمیری عوام بھارتی تسلط میں شدید مسائل کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی برادری کو کشمیریوں کی حالت زار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کشمیر کی کہانی نہایت دردناک ہے۔ انسان ہونے کے ناطے آپ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ اس نغمے کے ذریعے میں نے کشمیر کے المیے کو اجاگر کرنے کی کوشس کی ہے۔ ہمیں دستاویزی فلموں۔ نغموں۔ آرٹیکلز کے ذریعے کشمیر کی کہانی کو دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔

تقریب کے میزبان الطاف بھٹ نے کہا کہ این پی سی مقبوضہ کشمیر کا بیس کیمپ ہے جو کشمیریوں کے مسائل کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے کوشان ہے۔ ترگئی کشمیرکی ایک فالو اپ اسٹوری ہیں۔ کشمیر کے حوالے سے فالو اپ اسٹوریز ہونا چاہئیں،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ یہ ہم سب کیلئے باعث عزت و افتخار ہے کہ ہمارے درمیان ایسی شخصیت موجود ہیں جو مسلمانوں کی توانا آواز ہے۔

ترگئی ایورن اپنے گیتوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں پہنچا رہے ہیں۔ ترکی کے صدر طیب اردگان جس طرح مسلم امہ کے مسائل کو حل کرنے میں کوشان ہیں وہ انتہائی احسان اور قابل تحسین عمل ہے۔ پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ کے کہا کہ جن لوگون نے کشمیر کیلئے جانیں قربان کی ہیں انکا ذکرنہ کرنا زیادتی ہوگی۔ آج کی تقریب پاک ترک دوستی کی ایک اور زندہ مثال ہے۔

صدر این پی سی شکیل انجم نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑی اعزاز اور باعث عزت بات ہے کہ ترک بھائی ہمارے جسم کا حصہ ہیں یہ چین سے بھی آگے ہیں۔ جو ہمیں عزت دیتے ہیں۔ یہ ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ یہ غریب پاکستانی بچوں کو اپنا لیتے ہیں ان کی تعلیم کا خیال رکھتے ہیں۔ ہمارا ان سے خون کا رشتہ ہے ان جیسا دنیا میں کوئی اور نہیں ہے۔ سیکرٹری این پی سی انور رضا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی ہمارا اثاثہ تھے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

ترک بھائیوں کی جانب سے ان سے والہانہ محبت پاک ترک دوستی کا اظہار ہے۔ خیال رہے کہ ترگئی ایورن اس سے قبل بھی جدوجہد آزادی کشمیر کے حوالے سے دو نغمے ( میں کشمیر ہوں) اور (میرا نام کشمیر ہی)لکھے اور گائے ہیں۔ آجنکی تقریب پاک ترک دوستی کی ایک اور زندہ مثال ہے۔ تقریب کے آخر میں این پی سی کے صدر سیکرٹری اور کشمیری حریت لیڈروں کی جانب سے ترک شاعر و گلوکار اورانکی بیگم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔