ملک بھر میں آئندہ 3 ماہ کے دوران معمول کے مطابق بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات کی جانب سے دسمبر تا فروری ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق بادل برسنے کی پیشن گوئی

muhammad ali محمد علی پیر 6 دسمبر 2021 22:01

ملک بھر میں آئندہ 3 ماہ کے دوران معمول کے مطابق بارشوں کا امکان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2021ء) ملک بھر میں آئندہ 3 ماہ کے دوران معمول کے مطابق بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات کی جانب سے دسمبر تا فروری ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق بادل برسنے کی پیشن گوئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے دسمبر سے فروری کے دوران ملک بھر میں معمول کے مطابق بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر سے فروری کے دوران ملک کے جنوبی حصوں میں معمول سے قدرے کم جبکہ وسطی حصوں میں معمول کے قریب بارشیں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے شمالی حصوں میں معمول سے قدرے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سیزن کے دوران خشک موسم کا ملک کے ایئر کوالٹی انڈکس پر برا اثر پڑنے کا امکان ہے۔ اس سیزن کے دوران خشک موسم کے باعث درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کے ساتھ میدانی علاقوں میں فوگ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام تک اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بادل برسنے سے موسم مزید سرد ہو گیا، تاہم لاہور اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں بادل نہ برسے، جس باعث ان علاقوں میں سموگ نے ابھی بھی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔