نومبر کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت میں اضافہ ،برآمدات میں کمی

شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ برآمدات میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی

منگل 7 دسمبر 2021 11:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار کے مطابق نومبر میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 4.124ملین ٹن رہی جو نومبر2020کی فروخت3.742ملین ٹن کے مقابلے میں 10.21فیصد زائد ہے تاہم اس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ سیمنٹ کی برآمداتمیں 9.2فیصد کمی واقع ہوئی اور سیمنٹ کی برآمدات6لاکھ 95ہزار779ٹن رہی جو نومبر 2020کے دوران 7لاکھ 66ہزار 273ٹن رہی۔

گزشتہ ماہ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی فروخت میں نومبر2020کے مقابلے میں 10.87فیصد اضافہ ہوا تاہم شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں سے سیمنٹ برآمدات69.67فیصد کی غیر معمولی کمی واقع ہوئی اور نومبر2020کے دوران شمالی علاقوں سے 1 لاکھ 82ہزار91ٹن سیمنٹ برآمد کیا گیا ہے لیکن اس کے مقابلے میں گزشتہ ماہ نومبر سیمنٹ کی برآمدات کا مجموعی حجم صرف 55ہزار 234ٹن رہا۔

(جاری ہے)

سیمنٹ برآمدکنندگان کے مطابق شمالی علاقوں سے سیمنٹ کی برآمدات افغانستان اور وسط ایشیائی ممالک کو ہوتی ہیں لیکن افغانستان میں اقتدار کی تبدیلی اور مخصوص معاشی صورتحال کی وجہ سے تعمیراتی سرگرمیاں انتہائی محدود ہوگئیں ہیں جس کا منفی اثر سیمنٹ کے برآمدات پر بھی مرتب ہوا ہے البتہ اس کے مقابلے میں ملک کے جنوبی علاقوں میں واقع سیمنٹ فیکٹریوں سے برآمدات میں 9.65فیصد اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو مراعات دینے کے باجود ملک میں تعمیراتی سرگرمیوں میں زیادہ اضافہ نہیں ہورہاہے جس کا اندازہ آل پاکستان سیمنٹ مینو فیکچرز ایسوسی ایشن کے اعداد وشمار سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ یعنی جولائی تا نومبر کے دوران صرف 2.84فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں اس عرصے میں سیمنٹ کی برآمدات میں 34.92فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس میں بڑا حصہ شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کا ہے جہاں سے گزشتہ ماہ میں سیمنٹ برآمدات میں 29.1فیصد کمی آئی ہے۔سیمنٹ مینوفیکچرز کے مطابق موسم سرما کی وجہ سے مقامی مارکیٹ میں فروخت میں کمی آئندہ چند ماہ جاری رہے گی جب کہ برآمدات کی بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔