بشیربلور شہید کی بہادری، جرات اور پختون قوم کی بقا کی جنگ جاری رہے گی ، اسفندیارولی خان

اے این پی دہشتگردی، انتہاپسندی اور جنونیت کے خلاف موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی، بیان

بدھ 22 دسمبر 2021 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ بشیربلور شہید کی بہادری، جرات اور پختون قوم کی بقا کی جنگ جاری رہے گی، عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی، انتہاپسندی اور جنونیت کے خلاف موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی۔ شہید بشیر احمد بلور کی نویں برسی پر جاری پیغام میں اسفندیارولی خان نے کہا کہ ہمارے رہنمائوں اور کارکنان نے قربانیاں اس مٹی کی حفاظت اور بقا کیلئے دی ہیں۔

دہشتگردی اور دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا بلکہ ہم انہیں انسان بھی نہیں سمجھتے۔ دہشتگردوں نے ہم سے ہمارا دوست، سیاسی ہمسفر بشیربلور جدا کیا لیکن انکا مشن نہیں رکا۔ بشیربلور شہید کے خاندان نے جس طرح بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا وہ پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ہر شہید پر فخر ہے اور شہداء کی امین جماعت کے طور پر منزل کی جانب سفر نہیں رکے گا۔

دہشتگردی، انتہاپسندی اور تشدد کے خلاف جنگ باچاخان سے آج تک جاری ہے اور جاری رہے گی۔پختونخوا بالخصوص پشاور کے عوام کو بشیربلور کی کمی ضرور محسوس ہوگی لیکن ہم اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ آج اگر اس خطے پر امن ہے تو اس کی سب سے بڑی وجہ بشیربلور شہید اور اے این پی کی قربانیاں ہیں۔بڑے بڑے کرسیوں پر بیٹھے افراد یہ نہ بھولیں کہ اگر اے این پی نہ ہوتی تو وہ آج اس طرح آزاد نہ گھوم رہے ہوتے۔

اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ تشدد کے خاتمے کیلئے عوامی نیشنل پارٹی کی جدوجہد کے نتیجے میں آج بھی ہمیں ہی نشانہ بنایا جارہا ہے۔حکومت کا کام دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے جس میں وہ ناکام نظر آرہے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی کو نشانہ بنانے کی تازہ مثال ڈی آئی خان میں عمرخطاب شیرانی شہید اور باجوڑ کے شہدائ ہیں۔اے این پی نے جو جنگ لڑی اسکے بعد بھی ایک امتیازی سلوک کیا جارہا ہے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔