کوئٹہ، آتشزدگی سے متاثرہ 132کے وی شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن 11کے وی پینلز کی تنصیب اور مرمت وبحالی کاکام مکمل کرلیاگیا

پیر 3 جنوری 2022 19:41

کوئٹہ۔3جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔03 جنوری2022ء) :کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ آتشزدگی سے متاثرہ 132کے وی شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن کے انکمنگ ٹوسے منسلک 11کے وی پینلز کی تنصیب اور مرمت وبحالی کاکام گزشتہ شب (پیر) مکمل کرلیاگیا ہے ۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان  کے مطابق کیسکوکے شعبہ گرڈسسٹم آپریشن(جی ایس او)،گرڈسسٹم کنسٹرکشن(جی ایس سی) اورپروٹیکشن اینڈانسٹرومینٹیشن (پی اینڈآئی) اورٹیسٹنگ اینڈانسٹرمینٹیشن (ٹی اینڈآئی) کی ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر مسلسل کام کرتے ہوئے متاثرہ مذکورہ ان کمنگ ٹو سے منسلک  11کے وی کے پینلز کی تنصیب و  تبدیلی اور مرمت وبحالی کے کام کو قلیل مدت میں مکمل کرکے پیر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے بجلی کی فراہمی بحال کردی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہاکہ شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن کے تمام فیڈروں سے بجلی کی فراہمی اب مکمل طورپربحال ہوگئی ہے اور معمول کے مطابق تمام فیڈروں کوپرانے شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ تاہم اس دوران کیسکونے 132کے وی شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن کے ان کمنگ ٹو سے منسلک 11کے وی پینلز میں آگ لگنے کی وجہ سے متاثرہ فیڈروں کے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے متعلقہ تمام صارفین کا شکریہ اداکیاہے جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں کیسکوکے ساتھ بھرپورتعاون اور صبرکامظاہرہ کیاجو کہ قابل تحسین ہے۔

  واضح رہے کہ 31دسمبرکی رات KV 132 شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن کے اِن کمنگ ٹو سے منسلک11کے وی پینلز میں اچانک آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 21فیڈروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جن میں پی اے ایف، چشمہ،دوستین، نوحصار، خروٹ آباد، ایف سی، آئی ٹی یونیورسٹی، کڈنی سنٹر، واسا، داریم، ادیان، عمر، گارڈن ٹاون، ویسٹرن بائی پاس، تکاتو، جبل نور، ایگری کلچر کالج، ریگی، اغبرگ، ائیرپورٹ اورسی ٹی ایس فیڈرزشامل ہیں۔