سرگودھا کی سوغات کنو کی بہتر پیداوار اورکوالٹی میں اضافہ کیلئے سٹریس سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام تشکیل دینے کا حکم

جمعہ 7 جنوری 2022 13:08

سرگودھا کی سوغات کنو کی بہتر پیداوار اورکوالٹی میں اضافہ کیلئے سٹریس ..
سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2022ء) سرگودھا کی سوغات کنو کی بہتر پیداوار اورکوالٹی میں اضافہ کیلئے سٹریس سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام تشکیل دینے کا حکم دے دیا گیا۔جس کے تحت تین سال پر محیط اس پروگرام کے ذریعے چھوٹے ‘ درمیانے اور طویل مدتی منصوبے تشکیل دیئے جائیں گے۔زرائع کے مطابق کمشنر نبیل جاوید نے سرگودھا کی سوغات کینو کی پیداوار اور کوالٹی میں اضافہ کے لئے سٹریس سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں کاشتکاروں ‘ ایکسپوٹرز ‘ وفاقی ‘ صوبائی متعلقہ اداروں کے علاوہ کنو کے شعبہ سے منسلک بین الاقوامی اداروں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائیگا اوران کی مشاورت سے قابل عمل پالیسی تشکیل دی جائیگی۔

کمشنر نے ڈائریکٹر سٹریس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو اس ضمن میں سفارشات تیار کر کے ایک ہفتہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹریس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے دورہ کے موقع پرکہا کہ معیشت کو مضبوط بنانے میں سٹریس انڈسٹری اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔ ایکسپورٹ کو بڑھانے او ر کسانوں کو مزید ریلیف دینے کیلئے امریکہ سمیت دیگر ممالک کے سٹریس سے متعلقہ اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ سٹریس کی برآمدات کی معیشت کے استحکام او رترقی میں اہمیت کی حامل ہیں ۔ برآمدات میں اضافہ بیماریوں سے پاک کنو کی پیداوار سے ہی ممکن ہے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب میں ملک کے 97فیصد سٹریس کی پیداوار ہوتی ہے جس میں سرگودہا کا 58فیصد حصہ ہے ۔ اس قومی پیداوار کا صرف 18فیصد ایکسپورٹ ہوتا ہے ۔ ملک میں 91فیصد کنو جبکہ 5.4 فیصد اورنج کی پیداوار ہوتی ہے ۔

دنیا میں سٹریس کی پیداوار کے حوالے سے پاکستان کا 13واں نمبر ہے ۔ سٹریس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے اپنا تیار کردہ بغیر بیج کنو رجسٹرڈ کروایا ہے ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سٹریس ریسرچ کے دواہم منصوبے چل رہے ہیں ۔ سٹریس ریسرچ نجی نرسری مالکان سے مل کر بغیر بیج کے پودوں کی پیداوار کے منصوبے پر کام کر رہاہے اب تک بغیر بیج 5 ہزار پودے تیار کر کے ترقی پسند کاشتکاروں میں تقسیم کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبہ جات اور نرسریوں کا معائنہ کیا ۔ نبیل جاوید نے چک نمبر 58شمالی میں کنو کے ماڈل فارم کا بھی معائنہ کیا ۔