لاپتہ افراد کیس ،سپریم کورٹ نے پراسیکیوشن کی اپیل پر ندیم پٹیل کو کل طلب کرلیا

سی ٹی ڈی کے انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم چیلنج کیا ہے،پراسیکیوٹر جنرل سند ھ

پیر 10 جنوری 2022 16:29

لاپتہ افراد کیس ،سپریم کورٹ نے پراسیکیوشن کی اپیل پر ندیم پٹیل کو کل ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2022ء) سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں ایف آئی آر درج کرنے پر پراسیکیوشن کی اپیل پر ندیم پٹیل کو کل (منگل) طلب کرلیا۔پیرکوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں بینچ نے لاپتہ افراد کیس میں ایف آئی آر درج کرنے پر پراسیکیوشن کی اپیل پر سماعت کی۔ پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا کہ انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم چیلنج کیا ہے۔

عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کو کس نے ہدایت دی تھی فیض ایچ شاہ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ کا حکم چیلنج کیا ہے۔ملزم ندیم پٹیل ایئر پورٹ حملہ سمیت کئی سنگین مقدمات میں نامزد ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں سی ٹی ڈی کا ہائیکورٹ میں جمع کرایا گیا جواب دکھائیں۔

(جاری ہے)

عدالت کے بار بار سوال کرنے پر بھی پراسیکیوٹر جنرل مناسب جواب دینے سے قاصر رہے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ ایک سوال کا ٹھیک جواب نہیں دے سکے ہمیں جرح کرنا پڑ رہی ہے۔ یہ کس افسر کے دستخط ہیں آپ ایک جواب نہیں دے پار ہے۔ عدالت نے انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کی بھی سرزنش کردی۔ سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ یہ نہیں بتا سکتے یہ کس کے دستخط ہیں پراسیکیوٹر جنرل نے موقف دیا کہ ملزم ندیم پٹیل ایئرپورٹ حملہ کیس میں بری ہوچکا۔

درخواستگزار اقبال پٹیل نے کہا کہ میرا بھائی لاپتا تھا، اکتوبر 2021 کو واپس آگیا ہے۔ عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اب تک آپ نے کیوں نہیں بتایا بھائی واپس آگیا ہی عدالت نے ندیم پٹیل کو منگل کو طلب کرلیا۔ اقبال پٹیل نے کہا تھا کہ میرے بھائی محمد ندیم پٹیل کو سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمر خطاب نے اغوا کیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے راجہ عمر خطاب کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے اپیل دائر کرنے پر وضاحت طلب کی تھی۔