پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کیلئے 4نامور شخصیات گلوبل ساکر وینچرز کی سپورٹ کیلئے میدان میں آگئیں

منگل 11 جنوری 2022 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2022ء) پاکستان میں فٹبال کے کھیل میں انقلاب برپا کرنے کیلئے معروف شخصیات بھی گلوبل ساکر وینچرز(جی ایس وی) کا حصہ بن گئی ہیں ۔ یہ اقدام مائیکل اوین کی جانب سے قومی ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے آغاز کے بعد سامنے آیا ہے جس کا اعلان گزشتہ ہفتے گلوبل ورچوئل کانفرنس کے بعد کیا گیاتھا۔ اس اقدام کے تحت کراچی میں فلیگ شپ ساکر(soccer) سٹی کے قیام کا منصوبہ شامل ہے ،جو وزیر اعظم کے معاون خصوصی ،عثمان ڈار کی زیرنگرانی شروع ہونے والے کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کے تعاون اور این ای یونیورسٹی کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔

اس مہم میںشریک ہونے والے چار مشہور ستاروں میں ماہرہ خان، اًحد رضا میر، بلال اشرف اور مٴْشک کلیم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شہرت یافتہ ستارے پاکستان میں سب سے بڑے نجی تجارتی انٹرپرائز جی ایس وی کی باضابطہ ترجمانی کرنے اورپورے ملک میں فٹبال کے کھیل کو عروج پر لے جانے کے اجتماعی مشن کے ساتھ یکجا ہوئے ہیں ۔پاکستان کی پرکشش اداکارہ ، ماہرہ خان شوبز انڈسٹری میں نئی وسعت دینے کیلئے مشہور ہیں اور 2017میںبالی ووڈ بلاک بسٹر فلم’ رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھاکر سرحد پار بھی کامیابیاں سمیٹ چکی ہیں ۔

ماہرہ نے اب اپنی توجہ فٹبال کی جانب مبذول کی ہے تا کہ اس کھیل کے راستے مزید استوار کیے جا سکیں۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا:’’فٹبال کی صورت میں کھیلوں کی ایک نئی لیگیسی کا حصہ بننا میرے لیے نہایت اعزاز کی بات ہے۔ گلوبل ساکر وینچرز حقیقی معنوں میں فٹبال کا لینڈ اسکیپ تعمیر کر رہا ہے اور پاکستان میں اسے کامیاب بنانے کے لیے یہ اٴْن کی مستقل مزاجی اورلچک کا منہ بولتا ثبو ہے۔

پاکستان میں مردوں اور عورتوں کے لیے فٹبال کو ترجیحی بنیادوں پر توجہ کی ضرورت ہے جو میرے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث ہے۔ میں اِس ویژن کا حصہ ہوں اور جی ایس وی کے بڑے آئیڈیا میں پوری طرح شریک ہوں۔مجھے یقین ہے کہ اس کی کامیابی میں میرا بھی حصہ ہوگا لہٰذا میں فٹبال کے اُبھرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں پر زور دوں گی کہ وہ ٹرائلز کے لیے فوری رجسٹر کرائیں۔

‘‘جاندار اداکاری کے ذریعے اپنی پہچان بنانے والے اًحد رضا میر نقادوں کی جانب سے بھی اپنی کارکردگی پر داد و تحسین حاصل کر چکے ہیں اور پوری دنیا، فلم، ٹیلیویژن اور تھیٹر میں متعدد اعزازات جیت چکے ہیں۔اس بات نے اٴْنھیں ہماری صنعت کا معروف فنکار اور شناخت بنا دیا ہے۔فٹبال کے کھیل کے ساتھ اپنی گہری رغبت اور لوگوں کو جلد دوست بنانے کی غیر معمولی صلاحیت کے باعث اًحد رضا میراس صف میں شامل ہوئے ہیں۔

پاکستان میں فٹبال کی لگام اًحد سنبھالیں گے تاکہ جی ایس وی کے ساتھ مل کر پاکستان میں فٹبال کی نئی میراث قائم کر سکیں۔احدرضا میر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:’’میں نوجوانوں کی طاقت پر یقین رکھتا ہوں او راس اقدام کا حصہ بننا مجھے انتہائی فخر کااحساس دلاتا ہے۔میں اب، پاکستان میں، فٹبال کے ذریعے نوجوانوں کے لیے ایک نئی لیگیسی تخلیق کرنا چاہتا ہوں۔

گلوبل ساکر وینچرز کے پاس پاکستان میں فٹبال کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ویژن اور حکمت عملی دونوں موجود ہیں۔ میں پورے خلوص سے پاکستان میں ،فٹبال کے ذریعے تاریخ کا حصہ بننے کی توقع رکھتا ہوں۔ لہٰذا ٹرائلز کے لیے اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیے اور یورپ میں اپنا مستقبل محفوظ کیجیے۔‘‘ مٴْشک کلیم پاکستان میں فیشن کا سنسنی خیز آئیکن ہیں اور اٹلی میں ہونے والے میلان فیشن ویک (ایم ایف ڈبلیو ) میں اپنی زبردست کیٹ واک سے شائقین کو دنگ کر چکی ہیں۔

اب جی ایس وی نے پاکستان میں فٹبال کی حکمت عملی کو فروغ دینے کے غرض سے مشک کلیم کی خدمات حاصل کی ہیں۔مشک فٹبال میں نئی جہت پیدا کریں گی کیوں کہ فٹبال کو اُن کی ذات اور خیالات میں مرکزیت حاصل ہے۔مشک کلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:’’فٹبال ایک گلیمرس کھیل ہے لہٰذا میں فوراً ہی جی ایس وی کے ویژن کا حصہ بن گئی جس کا مقصد پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو دوبارہ توانائی بخشنا ہے۔

میرے لیے یہ صرف فٹبال کا کھیل نہیں بلکہ پوری قوم کا معاملہ ہے جسے اس قابل بنایا جا رہا ہے کہ وہ بھولے بسرے کھیل کے ساتھ دوبارہ جڑجائیں اور ، اس بات سے قطع نظرکہ، آپ کیا کرتے ہیں اور آپ کا تعلق کہاں سے ہے ، پاکستان آپ کو اپنا لیتا ہے۔‘‘معروف پاکستانی اداکار و ہدایتکار،بلال اشرف ،فلم ’جاناں‘، ’سپر اسٹار‘، اور’ رنگریزا ‘جیسی دھماکا خیز فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

فٹبال کے ساتھ دیوانہ وار لگاؤرکھنے والے بلال چاہتے ہیں کہ دنیا کا مقبول ترین کھیل پاکستان میں بھی کامیاب ہو اور پاکستان میں فٹبال کے مستقبل پر تبادلہ خیال کرنے کی غرض سے چیلسی فٹبال کلب کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔بلال اشرف نے کہا:’’ یہ پاکستان کے لیے درست سمت میںایک بہت بڑا قدم ہے۔ میری تمام طاقت اور جنون پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ہے لہٰذاہمیں اب بلند آواز میں #FootballHoga کہنے کی ضرورت ہے۔

جائیں ،خود کو رجسٹرکرائیں، ٹرائلز میں شامل ہوں اور UEFAسے متاثر ہو کر تیارکیے گئے اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں جو پورے پاکستان میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔‘‘گلوبل ساکر وینچرز کے گروپ چیئرمین، یاسر محمود نے کہا:’’میں سمجھتا ہوں گلیمر، فلم اور اسپورٹس سے تعلق رکھنے ولے ستاروں نے سامنے آکر فٹبال کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اس طرح اس کھیل میں مزید جان پڑ گئی ہے۔

یہ پاکستان میں فٹبال کے لیے حتمی تعاون ہے۔‘‘گلوبل ساکر وینچرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، زیب خان نے کہا:’’میں فلم اور ٹیلیویژن کی مشہور شخصیات کی طرف سے اپنی توجہ فٹبال کی جانب مرکوز کرنے پر بہت پر جوش ہوں۔ گلوبل ساکر وینچرز نے پاکستان میں فٹبال کے روشن مستقبل کے لیے مشعل روشن کی ہے اور پاکستان کے جھلملاتے شہر کی صورت میں فٹبال میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا ہے۔‘‘