مکران کی ساحلی پٹی پر زلزلہ آنے کا وقت آن پہنچا

فالٹ لائن میں اتنی توانائی جمع ہوچکی ہے کہ وہ کسی بھی وقت زلزلہ لاسکتی ہے جو سونامی کا سبب بن سکتا ہے، ماہر موسمیات کا تشویش ناک انکشاف

muhammad ali محمد علی بدھ 12 جنوری 2022 23:50

مکران کی ساحلی پٹی پر زلزلہ آنے کا وقت آن پہنچا
مکران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2022ء) مکران کی ساحلی پٹی پر زلزلہ آنے کا وقت آن پہنچا، فالٹ لائن میں اتنی توانائی جمع ہوچکی ہے کہ وہ کسی بھی وقت زلزلہ لاسکتی ہے جو سونامی کا سبب بن سکتا ہے، ماہر موسمیات کا تشویش ناک انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے سینئر عہدیدار کی جانب سے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سونامی آنے کے حوالے سے انتہائی تشویش ناک دعویٰ کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات ڈائریکٹر جنرل نے کراچی اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں پر درپیش خطرات کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ محمد ریاض کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مکران سبڈکشن زون کے فالٹ لائن میں اتنی انرجی جمع ہوچکی ہے کہ کسی بھی وقت زلزلہ آسکتا ہے ، اس زلزلے کے نتیجے میں سونامی بھی آ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مکران کی ساحلی پٹی پر زلزلہ آنے کا وقت آن پہنچا ہے، 8 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے، 8 درجے شدت سے زیادہ کا زلزلہ آنے سے 10 سے 15 فٹ بلند لہریں پیدا ہو سکتی ہیں۔ اس زلزلے سے بلوچستان اور کراچی کی ساحلی پٹی کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 1944 میں بھی زلزلہ اور پھر سونامی آیا تھا جس کے نتیجے میں 4 ہزار اموات ہوئی تھیں۔ یہ فالٹ لائن اب اپنا قدرتی ٹائم اسکیل مکمل کرچکی ہے اور مکران کے سمندر میں موجود سبڈکشن زون کافی سرگرم ہے اور شدت پکڑ رہا ہے جس کی وجہ سے اب وہاں کسی وقت بھی زلزلہ اور پھر اس کے نتیجے میں سونامی آسکتا ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ سید سلمان شاہ کا بتانا ہے کہ مکران کی ساحلی پٹی پر دو ٹیکٹونک پلیٹس ملتی ہیں اور گوادر کے جنوب میں تقریباً 40 ناٹیکل مائلز کے فاصلے پر وہ پوائنٹ ہے جہاں یوریشین اور انڈین پلیٹس ملتی ہیں جو کہ سبڈکشن زون کہلاتا ہے۔ سبڈکشن زون میں جب بھی پلیٹس حرکت کرتی ہیں تو اس کی وجہ سے زلزلہ آسکتا ہے اور زلزلے کے اثرات اگر سمندر پر ہوں تو اس کے نتیجے میں سونامی جنم لیتا ہے۔

یہاں واضح رہے کہ گزشتہ رات کو بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ گذشتہ رات 2 بج کر 22 منٹ پر گوادر سے 50 کلو میٹر دور بحیرۂ عرب میں آیا، جس کی شدت 5 تھی۔ زلزلے کا مرکز گوادر سے 40 کلومیٹر شمال میں ساحل کے قریب سمندر میں تھا اور اس کی گہرائی 25 کلومیٹر تھی۔