حریم شاہ کے ہمراہ موجود رقم کے دعویدار کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا

سال 2018ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حسین الہیٰ اور نواب زادہ غضنفر علی کے مقابلے میں الیکشن لڑا، الیکشن ہارنے کے بعد منی ٹرانسفر کا کاروبار چلانے کے لیے برطانیہ واپس آ گیا۔دانیال ملک کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 14 جنوری 2022 16:46

حریم شاہ کے ہمراہ موجود رقم کے دعویدار کا تعلق پی ٹی آئی سے نکلا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جنوری 2022ء) حریم شاہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرنے کے بعد تنقید کی زد میں آ گئیں۔تاہم ویڈیو میں ان کے ہمران موجود دانیال ملک نامی شخص حریم شاہ کے دفاع میں سامنے آ گئے۔گذشتہ روز سامنے آنے والی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں حریم شاہ کے پاس جو رقم تھی وہ میری تھی اور اس میں کسی قسم کی کوئی منی لانڈرنگ نہیں تھی۔

انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے این اے 68 گجرات سے حسین الہیٰ اور نواب زادہ غضنفر علی کے مقابلے میں کھڑے تھے۔وہ الیکشن ہار گئے تھے جس کے بعد وہ منی ٹرانسفر کا کاروبار چلانے کے لیے برطانیہ واپس آ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں صادق اور امین ہوں اور سب جانتے ہیں کہ گجرات میں اور میں کسی تعارف کا محتاج نہیں، یہ میرے کاروبار کا پیسہ تھا۔

(جاری ہے)

حریم میری بہن جیسی ہے، وہ مجھ سے ملنے آئی تھی اور میرے ہاتھ میں نقدی رقم دیکھی جسے میں بینک میں جمع کرنے جا رہا تھا،اس نے مجھ سے پوچھا کہ کیا وہ ویڈیو بنا سکتی ہے اور میں نے حریم کو اجازت دے دی۔دانیال ملک نے مزید کہا کہ وہ ہر فورم پر حریم شاہ کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے وفاقی وزیر شیخ رشید اور دیگر سے کہا کہ وہ حریم شاہ کو نشانہ بنانے کے بجائے حقیقی قانون کی خلاف ورزی کرنےوالوں کا پیچھا کریں۔

۔خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی خبریں میڈیا پر چلنے کے فوری بعد حریم شاہ نے اس حوالے سے ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس سے ڈیلیٹ کردیں۔حریم شاہ نے برطانیہ میں ایک نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ میری ایک ویڈیو سے یہ سب ہوجائے گا۔ ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ انسان ہر غلطی سے کچھ نہ کچھ سیکھتا ہے اور میں اپنی غلطی تسلیم بھی کررہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں برطانیہ میں دانیال نامی بزنس مین کے آفس گئی تھی، وہاں اتنی زیادہ رقم دیکھ کر میں نے ان سے ویڈیو بنانے کی اجازت لی اور مذاق میں یہ ویڈیو بناکر شیئر کردی۔ حریم شاہ نے کہا کہ وہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور میرے خلاف استعمال کی گئی جبکہ مجھے اس وقت تک منی لانڈرنگ کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں تھا کیونکہ میں نے ساری زندگی حلال کمایا ہے اور جس بھائی کی یہ رقم تھی وہ لیگل بزنس ہی کرتے ہیں۔ ٹک ٹاک اسٹار نے مزید کہا کہ مجھے دانیال بھائی نے بتایا کہ پاکستان سے صرف مخصوص رقم ہی بیرون ملک لیکر جاسکتے ہیں تو مجھے جب یہ معلوم ہوا تو میں نے مذاق میں ویڈیو بنائی کہ میں تو اتنی بھاری رقم برطانیہ لے آئی ہوں۔