دھان کے کاشتکاروں کو رعایتی قیمت پر مشینری کی فراہمی کیلئے درخواستیں طلب

پیر 17 جنوری 2022 14:51

فیصل آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جنوری 2022ء) وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت دھان کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت فیصل آبادسمیت15اضلاع جھنگ،چنیوٹ گوجرانوالہ،گجرات،منڈی بہاؤالدین،حافظ آباد،نارروال،سیالکوٹ،لاہور،قصور،ننکانہ صاحب،شیخوپورہ،اوکاڑہ،بہاولنگر کے اضلاع سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دھان کے کاشتکاروں کو رعایتی قیمت پر فراہم کی جانے والی دھان کی نرسری منتقل کرنے والی مشین،دھان کی نرسری اگانے والی مشین،دھان کے بیج کی براہ راست کاشت کی ڈرل،واٹر ٹائٹ روٹاویٹر،ڈیسک پلو،دھان کے مونڈوکو کترنے والی مشین،نیپ سیک پاور سپریئر وغیرہ کیلئے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

محکمہ زراعت توسیع کے ڈویژنل ڈائریکٹرچوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ درخواستوں کی وصولی کی تاریخ 10فروری وجانچ پڑتال کی تاریخ 19فروری جبکہ قرعہ انداری کی آخری تاریخ 25فروری اور مشینوں و زرعی آلات بک کرانے کی آخری تاریخ 23 مارچ ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی کے بعد 15 یوم میں کسی بھی منظور کر دہ فرم سے متعلقہ زرعی مشینری بک کرانا ضروری ہوگااور اگر متعین عرصہ میں بکنگ نہ کروائی گئی تو مالی معاونت منسوخ تصور ہوگی۔

اسی طرح زرعی آلات و مشینری کی الاٹمنٹ کے متعلق الاٹمنٹ کمیٹی پنجاب لاہور کا فیصلہ حتمی اورکسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار شناختی کارڈ،ٹریکٹر کی رجسٹریشن بک،زرعی رقبہ فرد ملکیت کی تصدیق شدہ کاپی اور100روپے کے اشٹام پر بیان حلفی درخواست کے ہمراہ جمع کروانے کا پابند ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت اور ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفاتر سے مفت حاصل  کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pkسے بھی ڈاؤن لوڈ بھی کئے جاسکتے ہیں۔