او آئی سی میں عہدہ سنبھالنے کے لیے ایرانی سفارتکار سعودی عرب پہنچ گئے

ایران نے ہمیشہ سعودی عرب میں اپنا سفارتخانہ کھولنے پر آمادگی ظاہر کی ہے،ترجمان وزارت خارجہ

پیر 17 جنوری 2022 15:50

او آئی سی میں عہدہ سنبھالنے کے لیے ایرانی سفارتکار سعودی عرب پہنچ ..
تہران /ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2022ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)میں اپنے عہدے سنبھالنے کیلئے ایرانی سفارتکار سعودی عرب پہنچ گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترجمان ایرانی وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہاکہ ایران کے تین سفارتکار جدہ پہنچ گئے ، تینوں سفارتکار او آئی سی میں اپنے کام کا آغاز کریں گے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے سعودی عرب میں ایران کا سفارتخانہ کھولنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب سے مذاکرات کے بارے میں ترجمان سعید خطیب زادہ کا کہنا تھا کہ عراق میں ہونے والے مذاکرات میں سعودی عرب کو ایران کی توقعات کے بارے میں بتا دیا تھا، مستقبل میں ہونے والی بات چیت میں نتائج ملنے کی امید ہے تاہم اس کے لیے سعودی حکام کو اپنے بیانات اور عمل پرتوجہ دینی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ سعودی عرب میں اپنا سفارتخانہ کھولنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے لیے بات چیت کے چار ادوار عراق میں ہوچکے ہیں۔