حوثی باغیوں نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

عسکریت پسندوں نے یو اے ای میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں ، آنے والے گھنٹوں میں اس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ حوثی باغیوں سے متعلق رائٹرز کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی پیر 17 جنوری 2022 17:33

حوثی باغیوں نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء ) یمن کے حوثی باغیوں نے ابوظہبی ایئرپورٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ابوظہبی میں تین آئل ٹینکرز میں دھماکہ اور امارات کے نئے ہوائی اڈے کی توسیع کی تعمیراتی جگہ میں آگ ممکنہ طور پر ڈرون حملے کی وجہ سے تھی جس کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے قبول کی ہے ، جس سے متعلق چند روز قبل حوثیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دی گئی تھی ، اور اب یمن کی حوثی تحریک کے ترجمان نے کہا کہ اس کے عسکریت پسندوں نے یو اے ای میں ایک فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے اور آنے والے گھنٹوں میں اس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ہونے والے دھماکوں کے بعد لگنے والی آگ میں پاکستانی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے رپورٹ کیا کہ ابوظہبی میں ایندھن کے ٹینکر میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ، مرنے والوں میں ایک پاکستانی اور 2 ہندوستانی شہری شامل ہیں جب کہ 6 دیگر افراد جو زخمی ہوئے ان کو ہلکے سے درمیانے درجے کے زخم آئے ، دونوں آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور فضائی ٹریفک متاثر نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے عرب اتحاد کے ایک حصے کے طور پر 2015 میں یمن کی خانہ جنگی میں مداخلت کی تھی ، گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات کے ایک مال بردار بحری جہاز روابی کو حوثی فورسز نے یکم جنوری کی رات ہائی جیک کر لیا تھا۔ عرب اتحاد کے مطابق یہ بحری جہاز یمن کے جزیرے سوکوترا سے سعودی عرب کی بندرگاہ جازان کی طرف جا رہا تھا ، جس میں ایک سعودی کمپنی کی طرف سے لیز پر لیا گیا سامان تھا جو جزیرے کے ایک فیلڈ ہسپتال میں استعمال کیا جاتا تھا ، جہاز میں سات ہندوستانی ملاح، ایک ایتھوپیا، اور انڈونیشیائی، ایک فلپائنی اور میانمار کا ایک ملاح سوار تھا۔