سعودی حکومت کا پروازوں پر پابندی کے حوالے سے اہم وضاحتی بیان

پروازوں پرپابندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،ماضی کے مقابلے میں صورتحال کافی بہتر ہے:سعودی محکمہ صحت

muhammad ali محمد علی منگل 18 جنوری 2022 00:51

سعودی حکومت کا پروازوں پر پابندی کے حوالے سے اہم وضاحتی بیان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 جنوری 2022ء) سعودی حکومت کا پروازوں پر پابندی کے حوالے سے اہم وضاحتی بیان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کورونا کیسز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہونے کے بعد سعودی محکمہ صحت کے حکام نے سفری پابندیوں کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان سعودی محکمہ صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پروازوں پرپابندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،ماضی کے مقابلے میں صورتحال کافی بہتر ہے۔

کچھ دن قبل کیسز میں اضافہ کی جو صورتحال تھی وہ متوقع تھی۔ اس کے بارے میں آگاہ کردیا گیا تھا تاہم لوگوں نے بھی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے بوسٹرڈوز لگوانا شروع کردی جس کی وجہ سے حالات تیزی سے بہتررخ اختیار کرنے لگے۔ دوسری جانب سعودی محکمہ صحت نے پیر کے روز بھی کورونا کے حوالے سے تشویش ناک اعداد و شمار جاری کیے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں 5 ہزار 505 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق کی گئی۔

سعودی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب میں 4 ہزار 300 سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہونے میں بھی کامیاب رہے۔ سعودی عرب میں عالمی وبا پھوٹنے کے بعد سے اب تک 620935 افراد کورونا کا شکار ہوئے جبکہ 569296 افراد نے وبا کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی۔ مملکت میں کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 908 بتائی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب میں حالیہ چند ہفتوں کے دوران یکدم یومیہ کورونا کیسز میں اضافہ ہوا۔ اومیکرون کے پھیلاو کے بعد سعودی عرب میں بھی یومیہ کیسز کی تعداد چند درجن سے بڑھ کر ہزاروں میں ہو چکی۔ اس صورتحال میں سعودی حکومت مسلسل شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کر رہی ہے۔