نون لیگ، پی پی کیخلاف اسکروٹنی کمیٹی 10دن میں رپورٹ دے،الیکشن کمیشن کا حکم

فرخ حبیب پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فریق نہیں ہیں،وہ الگ سے درخواست دائر کرسکتے ہیں، الیکشن کمیشن

منگل 18 جنوری 2022 12:41

نون لیگ، پی پی کیخلاف اسکروٹنی کمیٹی 10دن میں رپورٹ دے،الیکشن کمیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی رپورٹ خفیہ رکھنے کی استدعا مسترد کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس میں نون لیگ، پی پی کے خلاف اسکروٹنی کمیٹی کو 10دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے الیکشن کمیشن سے رپورٹ پبلک نہ کرنے کی درخواست کی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن حیران ہے کہ ہم ایسا آرڈر کیسے جاری کر سکتے ہیں، ہمارے سامنے پیش کی گئی رپورٹ پبلک دستاویز بن چکی ہے،شاہ خاور کی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامے میں پیپلزپارٹی، نون لیگ سے متعلق قائم اسکروٹنی کمیٹی کو 10 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔فیصلے میں الیکشن کمیشن کاکہنا تھا کہ فرخ حبیب پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فریق نہیں ہیں،وہ الگ سے درخواست دائر کرسکتے ہیں۔