لوئردیر؛ چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں لیویز اہلکار شہید

حملے میں پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی بھی ہوا ‘ سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 جنوری 2022 12:21

لوئردیر؛ چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں لیویز اہلکار شہید
لوئردیر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2022ء ) صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لوئردیر میں چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں ایک لیویز اہلکار شہید ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لوئردیرمیں پولیس اور دیر لیویز کی مشترکہ چیک پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے میں دیرلیویز کا ایک اہلکارشہید ہوگیا ، دہشت گردوں نے لوئردیرکے علاقے ٹاکورومنڈا میں پولیس اوردیرلیویز کی چیک پوسٹ کونشانہ بنایا ، اس حملے میں پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی بھی ہوا جب کہ سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ شہید اہلکارکی لاش اورزخمی اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال تیمر گرہ منتقل کردیا گیا ، جب کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاک فوج کا دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے میران شاہ میں2 دہشتگردوں کو گرفتار اور ایک کو جہنم واصل کردیا، تینوں دہشتگرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے ، مارے گئے تینوں دہشت گرد میران شاہ کے رہائشی نہیں ہیں، بلکہ ان تینوں دہشت گردوں کو ایک گھر میں پناہ دی گئی تھی ، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میران شاہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد گرفتار اور ایک کو جہنم واصل کردیا گیا ، ہلاک دہشتگرد کی شناخت زاہد عرف کرچی کے نام سے ہوئی ہے، تینوں دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے ، سکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید دہشتگردوں کی تلاش کیلئے ایریا کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے بنوں کے علاقے جانی خیل میں فوجی پوسٹ پر حملہ کیا، دہشتگردوں نے حملہ 13 اور 14 جنوری کی درمیانی شب کیا، پاک فوج کے جوانوں نے دہشتگردوں کے حملے اور فائرنگ کے تبادلے کا بھرپور جوابی ردعمل دیا ، دہشتگردوں کے حملے میں ایک جوان شہید ہوگیا، 26 سالہ شہید سپاہی سرفراز علی کا تعلق وہاڑی سے ہے۔