پنجاب پولیس کا کارنامہ،16 سال قبل وفات پانیوالی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا

ملزم کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے اظہار حیرانگی کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب کر لیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 19 جنوری 2022 19:22

پنجاب پولیس کا کارنامہ،16 سال قبل وفات پانیوالی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 19 جنوری 2022) پنجاب پولیس کا انوکھا اقدام، 16 سال قبل وفات پانیوالی خاتون کی مدعیت میں جائیداد پر قبضے کا مقدمہ درج کر لیا، ملزم کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا اظہار حیرانگی کرتے ہوئے پولیس سے جواب طلب ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے16 سال قبل وفات پانیوالی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے پولیس سے 15 فروری کو جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے سولہ سال قبل وفات پانیوالی خاتون کی مدعیت میں درج مقدمہ کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے 30 دسمبر 2021ء میں فہمیدہ ارشد کی درخواست پر چوری کا بے بنیاد مقدمہ درج کیا۔ مقدمہ میں کھاد کی بوریاں چوری کرنے اور جائیداد پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے مطابق مدعیہ 2005 میں انتقال کر چکی ہے ۔

درخواست گزار محمد اکبر مدعیہ کا حقیقی بھائی ہے اور بہنوئی ارشد نے جائیداد پر قبضہ کرنے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کروایا،مردہ خاتون کی مدعیت میں درج مقدمہ بے بنیاد قرار دے کر خارج کیا جائے۔درخواست گزار کے وکیل نے مدعیہ فہمیدہ ارشد کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کیا،عدالت نے مقدمہ کے اندراج پر اظہار حیرانی کرتے ہوئے پولیس سے 15 فروری کو جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب پولیس کی جانب سے ایسا ہی انوکھا اقدام دیکھنے میں آیا تھا، جب راولپنڈی پولیس نے 4 کمسن بچوں پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ میں 4 کمسن بچوں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ تھانہ پیر ودھائی کے ایس ایچ او کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔چاروں بچوں پر ایس ایچ او تھانہ پیرودھائی کے بھتیجے پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم راولپنڈی کی مقامی عدالت نے چاروں بچوں کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی تھی۔