ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں 20.1 فیصد کا اضافہ

جمعرات 20 جنوری 2022 13:54

ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جنوری 2022ء) ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20.1 فیصدکی نموریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 1.056 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20.1 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 879.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

دسمبر2021 میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کی شرح 29.10 فیصد ریکارڈکی گئی، دسمبر2021 میں پاکستان میں 218.7 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 169.4 ملین ڈالرتھی۔

(جاری ہے)

جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں چین نے پاکستان میں 306.7 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان میں چین کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 389.8 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

چین پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ امریکا 149.3 ملین ڈالرکے ساتھ دوسرے نمبر پررہا۔جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان میں امریکا کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 149.3 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا ۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکانے پاکستان میں 68.7 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔

متعلقہ عنوان :