ترقی کے نام پربلوچستان کولوٹا جارہاہے،ڈاکٹر مالک بلوچ

ریکوڈک معاہدہ کو جب تک حرف بہ حرف بلوچ کے سامنے نہیں لایاجائیگاتب تک کسی بھی طرح یہ معاہدہ قبول نہیں،مرکزی صدر نیشنل پارٹی

جمعہ 21 جنوری 2022 22:40

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ جب تک ریکوڈک معاہدہ کو حرف بہ حرف بلوچ کے سامنے نہیں لایاجائے گاتب تک کسی بھی طرح یہ معاہدہ قبول نہیں، ترقی کے نام پربلوچستان کولوٹا جارہاہے، بلوچستان کو اس کا حق دلانے کیلئے اپنے دورحکومت میں 15دنوں تک فرانس میں ریکوڈک کیس میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کی شام نیشنل پارٹی تحصیل آپسر کی جانب سے ریکوڈک بچاؤ تحریک کے سلسلے میں کارنرجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسہ میں مرکزی قائدین سمیت سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ریکوڈک معاہدہ اوربلوچستان کے وسائل کی لوٹ مارکے خلاف پورے بلوچستان میں احتجاجی تحریک چلائیں گے جس کا ابتداء آج ہو چکا ہے،ریکوڈک معاہدے کو حرف بہ حرف بلوچ قوم کے سامنے لایا جائے تاکہ بلوچ قوم کو حقائق کا علم ہوسکے، اپنے دور حکومت میں پندرہ دنوں تک فرانس میں ریکوڈک کیس کے لئے پشیاں دی تاکہ بلوچستان کو اس کا حق ملے،بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی بھی سنجیدہ نہیں ہے، موجودہ حکومت کو لانے والے اور اس میں شامل تمام جماعتیں اور اسمبلی میں موجود خاموش اپوزیشن وہ سب ریکوڈک کے سودا کے جرم میں شامل ہیں،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ سی پیک معاہدے سے جو وسائل ملے وہ سب کے سب بلوچستان اور گلگت بلتستان میں خرچ ہوتے لیکن بدبختی سے یہ کہیں اور خرچ ہوئے جبکہ بلوچستان غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنان کو بلوچستان اسمبلی سے دور کرنے کے نتیجے میں آج ہر طرف کرپشن کا بازار گرم ہے ساحل وسائل کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے،آج بلوچ قوم کو سمجھ آ رہا ہے کہ کیوں کربلوچستان کی حقیقی پارٹیوں کو اسمبلی سے باہر کیا گیا ہے کیونکہ یہ جعلی نمائندوں کے ذریعے ایسے بے شمار سودے اور معاہدے کرنا چاہتے ہیں،نیشنل پارٹی ریکوڈک کے اس معاہدے کو کسی بھی صورت میں نہیں مانے گی،اس کے خلاف پورے بلوچستان میں احتجاجی تحریک چلائیں گے،نیشنل پارٹی ایسے سودا بازی کے خلاف آواز اٹھائے گی اور کسی کو معاف نہیں کرے گی اس میں شریک کرداروں کو سامنے لائیں گے،جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی کمیٹی کے رکن واجہ ابوالحسن بلوچ، نثار احمد بزنجو، بی ایس او کے مرکزی وائس چیئر مین بوہیر صالح، ضلعی نائب صدر طارق بابل، تحصیل آبسر کے صدر محمد اقبال، سنیئر راہنماحاجی غلام یاسین اور احسان درازئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پاررٹی ایک جدوجہد کی پیداوار ہے وہ کسی بھی صورت میں بلوچستان کے ساحل و وسائل کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے گی،ریکوڈک کے سودے کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی دیں گے اور احتجاج کا ہر راستہ اپنائیں گے، سرکار کی سپورٹ سے اسمبلیوں تک پہنچنے والوں نے بلوچستان کو تباہ کر دیا ہے،6نکات کے بعد ایک بارپھر 21 نکات سے قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے،یہ نکات صرف اور صرف انفرادی مفادات کے نکات ہیں۔