یمنی حوثیوں کی خمیس مشیط کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش ناکام

بیلسٹک میزائل صعدہ ایئر پورٹ سے داغا گیا،فضاء میں ہی تباہ کردیاگیا،عرب اتحاد کا بیان

ہفتہ 22 جنوری 2022 10:50

ٓصنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں سرگرم عرب اتحاد نے کہا ہے کہ خمیس مشیط شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش پر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنادیا گیا،میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں عرب اتحاد نے توجہ دلائی کہ بیلسٹک میزائل صعدہ ایئر پورٹ سے داغا گیا تھا،حوثیوں نے حملے کے لیے سول ادارہ استعمال کیا۔

عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ بیلسٹک میزائل اور ڈرونز حملوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل عسکری آپریشن ضروری ہیں،ادھر عرب اتحاد نے دعوی کیا کہ یمنی دارالحکومت میں جائز فوجی اہداف پر فیصلہ کن حملے کیے گئے۔ عرب اتحاد نے کہا کہ فوجی کارروائی خطرے کا جواب ہے اور دشمن کے حملوں کے خطرے کو بے اثر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد نے انکشاف کیا کہ حدیدہ کی بندرگاہ حوثیوں کو ایرانی اسلحے کی اسمگلنگ کی شریان ہے اور جہاز رانی کی آزادی کے لیے خطرہ ہے۔

حوثیوں نے اسٹاک ہوم معاہدے کا فائدہ اٹھایا جس پر اقوام متحدہ کی سرپرستی میں حکومت اور حوثی ملیشیا کے درمیان 2018 کے آخر میں دستخط ہوئے تھے۔ اس معاہدے کی چھتری تلے رہتے ہوئے حوثی ملیشیا نے بحری جہاز رانی کی آزادی کے لیے خطرات پیدا کئے۔