آسٹریلیا اور انگلینڈ سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں پاکستان بھیجیں : وہاب ریاض

ہمارے کھلاڑیوں کو بہترین غیر ملکی پلیئرز کا سامنا کرنے کا موقع نہیں مل رہا: پاکستانی پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 جنوری 2022 14:35

آسٹریلیا اور انگلینڈ سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں پاکستان بھیجیں : ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جنوری 2022ء ) پاکستانی تیز گیند باز وہاب ریاض کا خیال ہے کہ آسٹریلیا کو 24 سال بعد دورہ پاکستان کے لیے اپنے تمام سپر سٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھیجنی چاہیئے۔ آسٹریلوی ٹیم 1998ء کے بعد تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ بین الاقوامی، اور ایک ٹونٹی 20 میچ کھیلنے کے لیے پاکستان کا پہلا دورہ کرے گی۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن سے قبل ایک انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کو اپنی بہترین ٹیمیں بھیجنی چاہئیں جو حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حالیہ دنوں میں ایک عام موضوع رہا ہے کہ جب بھی ہم کہیں کھیلنے جاتے ہیں یا ٹیمیں پاکستان آتی ہیں تو وہ کبھی بھی فرسٹ چوائس کھلاڑیوں پر مشتمل نہیں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے کہا کہ تجارتی نقطہ نظر سے یہ کوئی بری چیز نہیں ہے لیکن یہ نوجوانوں کی ترقی میں رکاوٹ ہے کیونکہ انہیں معیاری کھلاڑیوں کے خلاف مقابلہ کرنے کا موقع ہی نہیں ملتا ہے۔

پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ چونکہ یہ دورے اب بھی مسابقتی کرکٹ ہیں اس لیے کمزور ٹیموں کا سامنا کرنا آپ کو فائدہ دیتا ہے تاہم یہ ایک مسئلہ بھی بن جاتا ہے کیونکہ پھر ہمارے کھلاڑی پوری طاقت والی ٹیموں کا سامنا کرنے کے عادی نہیں ہوتے اور ان کے سیکھنے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ آنے والے ایونٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پی ایس ایل ان جیسے کھلاڑیوں کے لیے پرفارم کرنے اور قومی ٹیم میں واپس آنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔