امارات میں ڈرون کی تمام نجی سرگرمیوں اورکھیلوں کے ہلکے طیارے اڑانے پرپابندی

پابندی کی خلاف ورزی اورا سے نظراندازکرنے والوں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہوسکتا ہے،وزارت داخلہ

اتوار 23 جنوری 2022 13:10

امارات میں ڈرون کی تمام نجی سرگرمیوں اورکھیلوں کے ہلکے طیارے اڑانے ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) متحدہ عرب امارات نے کھیلوں کے ہلکے طیاروں سمیت ڈرونز کے مالکان، پریکٹیشنرز اور شوقین افراد کے تمام فلائنگ آپریشن پرپابندی عاید کردی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یواے ای کی وزارت داخلہ نے اپنے ٹویٹراکائونٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن کے ساتھ ہم آہنگی اورمتعلقہ رہ نما خطوط کے مطابق کیا گیا اس پابندی کا فضائی اورپیراکی کے کھیلوں پر بھی اطلاق ہوگا۔

(جاری ہے)

وزارتِ داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ حال ہی میں اجازت ناموں کے غلط استعمال کے پیش نظرکیا گیا ہے۔کھیلوں کے عمل کوان علاقوں تک محدود نہیں کیا گیا ہے،جن کی شناخت صارف کے اجازت ناموں میں کی گئی تھی اور وہ ان علاقوں میں غیرقانونی طور پر داخل ہوئے ہیں جہاں اس قسم کی سرگرمیاں ممنوع ہیں۔بیان میں واضح کیا گیا کہ جن اداروں کے پاس کام کے معاہدے یا تجارتی یا اشتہاری منصوبے ہیں اورجو ڈرون کے استعمال کے ذریعے فلم بندی پرانحصارکرتے ہیں، انھیں اپنے کام انجام دینے کے لیے ضروری استثنا اور اجازت ناموں کے حصول کی غرض سے مجازحکام سے بات چیت کرنی چاہیے۔وزارت نے خبردار کیا کہ رہ نما خطوط وہدایات کو نظراندازکرنے والوں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہوسکتا ہے۔