کیمرون:  فٹ بال میچ کے دوران بھگدڑ میں متعدد افراد ہلاک

DW ڈی ڈبلیو منگل 25 جنوری 2022 12:20

کیمرون:  فٹ بال میچ کے دوران بھگدڑ میں متعدد افراد ہلاک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 25 جنوری 2022ء) کیمرون میں قومی نشریاتی ادارے کے مطابق، پیر کے روز افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال کے کھیل کی میزبانی کرنے والے اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔

دارالحکومت یاؤنڈے کے اولمبے اسٹیڈیم میں فائنل مقابلے میں کیمرون نے مد مقابل ٹیم کوموروس کو ایک کے مقابلے دو گول سے شکست دی تاہم اس کے دیکھنے کے لیے داخلی گیٹ پر بھیڑ بہت زیادہ جمع ہوگئی تھی جہاں بھگدڑ کے سبب درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اس سلسلے میں وزارت صحت کی جو ابتدائی رپورٹ حاصل ہوئی اس کے مطابق، ''آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس میں دو نوجوان خواتین، چار مرد اور ایک بچہ شامل ہے جبکہ ایک لاش اہل خانہ اپنے ساتھ لے کر چلے گئے۔

(جاری ہے)

''

وزارت نے کہا کہ متاثرین کو ایمبولینسوں میں ''فوری طور پر منتقل کیا گیا تاہم ''سڑکوں پر بھاری ٹریفک نے ٹرانسپورٹ کو سست کر دیا۔

'' وزارت نے بتایا کہ بھگدڑ میں کچلنے سے تقریباً 50 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں دو افراد کو کافی زخم آئے جبکہ دو مزید افراد کے سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔

واقعے کی تفتیش کا حکم

افریقی فٹ بال کی گورننگ باڈی، کنفیڈریشن آف افریقن فٹ بال (سی اے ایف) کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے سے آگاہ ہے۔ اس نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا، ''سی اے ایف اس وقت صورت حال کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس بارے میں مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر ہوا کیا۔

ہم کیمرون حکومت اور مقامی تنظیمی کمیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔''

افریقہ کپ آف نیشنز کی منتظمہ کمیٹی کے ترجمان، ایبل ایمبینگو نے کہا: ''بھگدڑ مچنے پر بہت سے لوگ کچل گئے جیسا کہ ایسے وقت عموماً ہوتا ہے۔ ہم اس المناک واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں قابل اعتماد معلومات کا اب بھی انتظار کر رہے ہیں۔''

مقامی حکام فوری طور پر اس واقعے کی بہت زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کر پائے۔

مقامی گورنر ناصری پال بیا کا کہنا تھا، ''ہم ابھی آپ کو ہلاکتوں کی کل تعداد بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔''

نصف صدی میں کیمرون نے پہلی بار ٹورنامنٹ کی میزبانی کی

کیمرون 50 برسوں میں پہلی بار افریقہ کپ آف نیشنز فٹ بال مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ سن 2019 میں بھی اسے ہی میزبانی کرنی تھی تاہم انفراسٹرکچر کے خدشات کی وجہ سے ملک کو اس کی میزبانی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

اس وقت ملک میں حفاظتی صورتحال پر بھی تشویش پائی جاتی تھی جہاں انگریزی بولنے والا طبقہ حکمراں فرانکوفون طبقے کے زیر تسلط انتظامیہ کی جانب سے نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے اس کے خلاف گزشتہ کئی ماہ سے احتجاجی مظاہرے کر رہا ہے۔

کورونا کی عالمی وبا اور نا مکمل تعمیراتی کام کی وجہ سے اس برس بھی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے کیمرون کی تیاری پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ دسمبر تک یہ بات واضح نہیں تھی کہ آیا ملک میچوں کے تیار ہو پائے گا یا نہیں۔ تاہم 21 دسمبر کو حکام نے مقابلہ کیمرون میں کرانے کا آخری فیصلہ کیا جس کے بعد یہ ٹورنامنٹ شروع ہوا تھا۔

ص ز /ج ا (اے پی، روئٹرز)