بھارت کے یوم جمہوریہ کی پریڈ سے غیرملکی معززین اور وفود غیرحاضر

روایتی غیر ملکی معزز مہمانوں اور مندوبین کے وفد نے کورونا پھیلا ئوکے سبب شرکت نہیں کی،بھارتی ٹی وی

جمعرات 27 جنوری 2022 12:57

بھارت کے یوم جمہوریہ کی پریڈ سے غیرملکی معززین اور وفود غیرحاضر
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اس سال بھی شاندار پریڈ کا اہتمام کیا گیا جہاں نئی دہلی میں ہونے والی تقریب میں بھارت نے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور ہتھیاروں کو بھرپور مظاہرہ کیا۔ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود تھے جس میں ٹینکوں اور جنگی طیاروں نے انہیں سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

تاہم یہ تقریب گزشتہ کئی سالوں کی نسبت اس لحاظ سے مختلف تھی کہ اس سال پریڈ میں روایتی غیر ملکی معزز مہمانوں اور مندوبین کے وفد نے کورونا وائرس کے پھیلا ئوکے سبب شرکت نہیں کی کیونکہ بھارت کو بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے وائرس کے پھیلائو کا چیلنج درپیش ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق تقریب میں تقریبا چار ہزار افراد نے شرکت کی تاہم وائرس کے پھیلا ئوکی وجہ سے شائقین کو ایک دوسرے سے فاصلے پر بٹھایا گیا تھا۔تقریب میں روایتی رقص کے ساتھ ساتھ ملکی تاریخ اور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے والے موبائل پریڈ بھی پیش کی گئی۔