متحدہ عرب امارات نے 12 ممالک کے شہریوں کیلئے سفری پابندیاں ختم کردیں

کورونا کی وجہ سے پابندیوں کا شکار ان ممالک کے شہریوں کو 29 جنوری سے یو اے ای میں داخلے کی اجازت ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 28 جنوری 2022 15:45

متحدہ عرب امارات  نے 12 ممالک کے شہریوں کیلئے سفری پابندیاں ختم کردیں
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات نے 12 ممالک کے شہریوں کیلئے سفری پابندیاں ختم کردیں ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 29 جنوری کو 2.30 بجے سے 12 ممالک سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی ختم کر ددی جائے گی جب کہ مزید تین ممالک کے لیے امارات میں داخلے کے طریقہ کار کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا ۔

ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کینیا ، تنزانیہ ، ایتھوپیا ، نائیجیریا ، جمہوریہ کانگو ، جمہوریہ جنوبی افریقہ ، بوٹسوانا، ایسواتینی، لیسوتھو، موزمبیق، نمیبیا اور زمبابوے سے قومی اور بین الاقوامی کیریئرز اور ٹرانزٹ مسافروں کے لیے تمام ان باؤنڈ پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی جب کہ یوگنڈا ، گھانا اور روانڈا سے آنے والوں کے لیے داخلے کے طریقہ کار کو بھی اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ ممالک سے متحدہ عرب امارات آنے والوں کو روانگی کے 48 گھنٹوں کے اندراپنے ممالک میں کسی بھی منظور شدہ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا جب کہ روانگی کے ہوائی اڈوں پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانا ہوگا ، اس کے بعد یو اے ای پہنچنے پر بھی پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ابوظہبی نے سرحدی قوانین کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے امارات میں داخل ہونے کے لیے کوویڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے دی ، اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کے لیے متحدہ عرب امارات کی آفیشل ایپ الحوسن ایپ نے کہا کہ ابوظہبی اور بیشتر عوامی مقامات پر داخل ہونے کے لیے تمام قسم کے کوویڈ 19 ویکسی نیشن والوں کے لیے بوسٹر شاٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہر قسم کی ویکسی نیشن کروانے والوں کے لیے بوسٹر ڈوز کی ضرورت ہے ، اگر آپ کو گرین پاس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ویکسی نیشن مکمل کیے چھ ماہ ہو چکے ہیں تو اپنا بوسٹر ڈوز ابھی بک کرنا یقینی بنائیں ، اگر کسی شخص نے Pfizer-BioNTech کو Sinopharm کی دو خوراکیں لینے کے بعد بوسٹر خوراک کے طور پر لیا ہے ، تب بھی اس فرد کو ایک اور بوسٹر شاٹ لینے کی ضرورت ہے اگر اسے آخری جاب سے چھ ماہ گزر چکے ہوں ، اس لیے اپنی بوسٹر ڈوز جلد از جلد بک کروائیں تاکہ الحوسن ایپ میں گرین اسٹیٹس برقرار رکھا جا سکے۔