ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی سے ایم ڈی ایس این جی پی ایل کی ملاقات

بدھ 27 اپریل 2022 16:53

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی سے ایم ڈی ایس این جی پی ایل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2022ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) سے گفتگو کرتے ہوے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں جنرل منیجر ایس این جی پی ایل خیبر پختونخوا بھی موجود تھے ۔ملاقات میں جنوبی اضلاع خصوصاً این اے 35 بنوں میں سوئی گیس سے متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی اسپیکر نے ایم ڈی ایس این جی پی ایل سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں قدرتی گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں جن سے نا صرف خیبر پختونخوا بلکہ ملک کے دیگر حصوں کو بھی گیس فراہم کی جاتی ہے تاہم ان اضلاع کے رہنے والوں کو گیس کی سپلائی ، لوڈ شیدڈنگ ، کم پریشر جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 بنوں کے مختلف یونین کونسلوں اور علاقوں میں سوئی گیس کی لوڈ شیدڈنگ ، کم پریشر اور سپلائی سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔منیجنگ ڈائریکٹر ایس این جی پی ایل علی جاوید حمدانی نے ڈپٹی اسپیکر کو قومی اسمبلی کو جنوبی اضلاع خصوصاً قومی اسمبلی حلقہ این اے 35 کے گیس سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہائی کروائی ۔