Live Updates

بھارتی حملوں میں گیارہ فوجیوں سمیت اکاون افراد ہلاک، پاکستان

DW ڈی ڈبلیو منگل 13 مئی 2025 15:00

بھارتی حملوں میں گیارہ فوجیوں سمیت اکاون افراد ہلاک، پاکستان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 13 مئی 2025ء) پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی ''مسلح افواج نے حال ہی میں جو بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے کیے، ان میں عام خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔‘‘

’’اس سنگین جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 'آپریشن بنیان مرصوص‘ کے ذریعے درست اور نمایاں جوابی حملے کیے۔

‘‘

کشمیر: حالیہ تصادم پاکستانی فوج اور بھارتی قوم پرستوں کے لیے کتنا سودمند؟

آئی ایس پی آر نے کہا کہ چھ اور سات مئی کی درمیانی شب بھارت کے حملوں میں 40 شہریوں کی اموات ہوئیں، جن میں سات خواتین اور 15 بچے بھی شامل تھے جبکہ پاکستانی فوج کے چھ اور فضائیہ کے پانچ اہلکاروں سمیت 11 افراد کی اموات ہوئیں۔

(جاری ہے)

ان میں ایک اسکوارڈن لیڈر بھی شامل ہیں۔

اس بیان میں مزید کہا گیا کہ 10 خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 عام شہری جبکہ مسلح افواج کے 78 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

بھارتی اور پاکستانی فوجی قیادت کے مابین رابطے

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا، ''قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے۔ اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کی خود مختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا ایک تیز، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

‘‘

بھارت نے اپنے کسی طیارے کے تباہ ہونے کی تصدیق نہیں کی

جوہری ہتھیاروں سے لیس یہ دونوں پڑوسی چار دنوں تک ایک دوسرے پر حملوں میں مصروف رہے جس نے ایک مکمل اور بھرپور جنگ کا خطرہ پیدا کر دیا تھا۔

کل پیر 12 مئی کو پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ فوجی حکام کے مابین ہاٹ لائن کے ذریعے پہلے دور کی بات چیت ہوئی اور پانچ روزہ جنگ کے بعد امریکہ کی ثالثی میں ہفتہ کو ہونے والی جنگ بندی کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جوہری ہتھیاروں کی دھمکی نہیں چلے گی، مودی

جنگ بندی کا اعلان پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا اور بعد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اس کی تصدیق کر دی تھی۔

پاکستانی فوج نے بھارت کے پانچ جنگی طیاروں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم بھارت نے اپنے کسی طیارے کے پاکستان کی طرف سے مار گرائے جانے کی تصدیق نہیں کی۔

ادارت: مقبول ملک

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات