Live Updates

تحریک انصاف کے راہنما جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

عہدہ پارٹی کی امانت تھی، پارٹی قیادت کی ہدایت پر اپنااستعفیٰ جمع کروادیا.جنید اکبر کا بیان ‘بیرسٹرگوہر اور شیخ وقاص اکرم کی تصدیق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 13 مئی 2025 16:07

تحریک انصاف کے راہنما جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے عہدے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 مئی ۔2025 )پاکستان تحریک انصاف کے راہنما جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جنید اکبر نے استعفی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے حوالے کرنے کی تصدیق کی ہے جنید اکبر نے واضح کیا ہے کہ یہ عہدہ پارٹی کی امانت تھی، پارٹی قیادت کی ہدایت پر اپنااستعفیٰ جمع کروادیا.

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر کو ہدایت کی تھی کہ وہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے کر صوبائی امور پر توجہ دیں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں اس پیش رفت کی تصدیق کی تھی انہوں نے کہا تھاکہ خان صاحب نے یہ پیغام اپنی بہن علیمہ خان کے ذریعے گزشتہ ملاقات میں پہنچایا اور اعلان کیا کہ جنید اکبر کی جگہ عمر ایوب خان پی اے سی کے چیئرمین ہوں گے، بعد ازاں اڈیالہ جیل سے باہر آ کر علیمہ خان نے یہ پیغام سلمان اکرم راجہ کو پہنچایا.

رپورٹ میں پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر جنید اکبر نے استعفیٰ دینے کے لیے دو دن کا وقت مانگا تھا تاہم بعد میں عمران خان سے ملاقات کے بعد وہ مستعفی ہونے پر آمادہ ہو گئے ذرائع نے بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ جب علیمہ خان نے اپنے بھائی سے ملاقات کی، تو خان صاحب کی طرف سے پہلا حکم یہی تھا کہ جنید اکبر کو ہدایت دی جائے کہ وہ استعفیٰ دیں اور صوبے پر توجہ دیں، دوسرا حکم یہ تھا کہ عمر ایوب کو پی اے سی کا چیئرمین نامزد کیا جائے.

جنید اکبر نے پہلے کہا تھا کہ وہ عمران خان کے ایک اشارے پر بھی استعفیٰ دے دیں گے تاہم ان کا موقف تھا کہ وہ صرف عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مستعفی ہوں گے ذرائع نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پارٹی میں اس بات پر اتفاق ہے کہ علیمہ خان نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور ان کے ذریعے خان صاحب کے جو پیغامات پہنچائے گئے وہ کبھی غلط ثابت نہیں ہوئے. جب ان سے استعفیٰ لینے کی وجہ پوچھی گئی تو ذرائع کا کہنا تھا کہ جنید اکبر نے خیبر پختونخوا پر توجہ دینا چھوڑ دی تھی حالانکہ وہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر بھی ہیں وہ پارٹی کے صوبائی ونگز کے اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس یا اسلام آباد میں کے پی ہاﺅس میں بلانے لگے تھے ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کو اس بات کا علم تھا اسی لیے انہوں نے انہیں پی اے سی چیئرمین کے عہدے سے ہٹا کر واپس صوبے میں کام پر بھیجنے کا فیصلہ کیا.

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا بھر میں ”پاکستان زندہ باد“ ریلیوں کے انعقاد کا اعلان کیا تھا ریلیاں پورے خیبر پختونخوا میں ہوئیں لیکن جنید اکبر کے آبائی علاقے بٹ خیلہ سے ایک بھی ریلی نہیں نکالی گئی یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں سال جنوری میں جنید اکبر بلا مقابلہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے اسی مہینے عمران خان نے انہیں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا صدر مقرر کیا تھا اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اس عہدے سے ہٹا دیا تھا.
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات