سندھ ہاؤس حملہ کیس،پی ٹی آئی ایم این ایز فہیم خان اور عطااللہ کی ضمانت پر رہائی کا حکم

جمعرات 28 اپریل 2022 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2022ء) عدالت نے سندھ ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے دو ارکان قومی اسمبلی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ انعام اللہ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان اور عطا اللہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی اور ملزمان کو 50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اس کے علاوہ عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما رائے تنویر کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری بھی منظور کرلی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر تینوں ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا اور مقامی عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان عام انتخابات 2018 میں این اے 241 کراچی کورنگی سے منتخب ہوئے تھے جب کہ عطا اللہ بھی عام انتخابات 2018 میں این اے 250 کورنگی ویسٹ تھری سے رکن منتخب ہوئے تھے۔