سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے لندن میں نمازِ عید ادا کی

اتحادی حکومت چیلنجز سے کامیابی سے نمٹے گی، پاکستان کو غیرمعمولی چیلنجز درپیش ہیں، غیرمعمولی حالات میں حکومت ملی، تمام چیلنجز کے ساتھ کامیابی سے نمٹیں گے۔ قائد ن لیگ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 2 مئی 2022 17:19

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے لندن میں نمازِ عید ادا کی
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت چیلنجز سے کامیابی سے نمٹے گی، پاکستان کو غیرمعمولی چیلنجز درپیش ہیں، غیرمعمولی حالات میں حکومت ملی، تمام چیلنجز کے ساتھ کامیابی سے نمٹیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے لندن میں نمازِ عید ادا کی، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز، عابد شیرعلی اور علی ڈار، ناصر جنجوعہ ، ناصر بٹ اور عمران دولتانہ و دیگر نے بھی نوازشریف کے ساتھ نمازِ عید ادا کی۔

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کو غیرمعمولی چیلنجز درپیش ہیں، غیر معمولی حالات میں حکومت ملی، اتحادی حکومت چیلنجز سے کامیابی سے نمٹے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی معاشی ٹیم پاکستان کا درہ کرے گی ۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق یو اے ای کے معاشی ماہرین کا وفد پاکستان کا ہنگامی دورہ کرے گا ، پاکستان اور یو اے ای کی قیادت کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے معاشی ٹیم آئے گی ، وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کا وفد 3 مئی کو لاہور میں ملاقات کرے گا ، اس دوران پاکستان اور یو اے ای کے درمیان معاشی سرگرمیاں تیز کرنے سے متعلق تجاویز پر غور ہوگا ، وزیراعظم شہباز شریف وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے ۔

بتایا گیا ہے کہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت ہوگی ، وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق ماحول اور پالیسی سے آگاہ کیا جائے گا ، توانائی، معاشیات، پٹرولیم انڈسٹری کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف کی ابوظبی کے ولی عہد سے ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ، اعلامیے میں کہا گیا کہ ولی عہد نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے عوام کی ترقی کیلئے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نےدوطرفہ،علاقائی،عالمی امورپرتفصیلی مشاورت کی، وزیراعظم نے شیخ زید بن سلطان کی کاوشوں کوخراج عقیدت پیش کیا اور دونوں ممالک کے باہم تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے یواے ای کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دبئی عالمی نمائش کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای قیادت کو مبارکباد دی ، وزیراعظم نے عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپورحمایت کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کورونا عالمی وبا کے دوران یو اے ای کی جانب سے فراہم امداد کو سراہا ، وزیراعظم نے1.7ملین پاکستانیوں کی میزبانی کرنےپریواےای کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ پاکستانی نہ صرف پل کا کردارادا کررہے ہیں بلکہ ہمارافخربھی ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سرماریہ کاری، ترقی، توانائی اور زراعت کےشعبوں میں مزیدعزم کااظہار کیا گیا ، ولی عہد نے برادرانہ تعلقات کومضبوط بنانے کیلئےمؤثرکوشش کا یقین دلایا اور یواےای کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک ہرمشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ، مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی امداد جاری رکھیں گے۔ ولی عہد نے دونوں اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا ، دونوں رہنماؤں نےعلاقائی اورعالمی اہمیت کےامور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔