کاؤنٹی کرکٹ، اظہر علی کی کارکردگی میں زوال کا سلسلہ جاری

تاحال اننگز میں 20 رنز سے آگے نہیں بڑھے، پہلے میچ میں صرف 2، 1 رنز پر آؤٹ ہوگئے، دوسرے مقابلے میں 20 رنز بناسکے، تیسرے میچ میں بھی ان کی اننگز 6، 5 رنز تک محدود رہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 مئی 2022 14:17

کاؤنٹی کرکٹ، اظہر علی کی کارکردگی میں زوال کا سلسلہ جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مئی 2022ء ) انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں اظہر علی کے بیٹ نے دھوکا دے دیا، ووسٹرشائر کیلیے 3 چیمپئن شپ میچز میں پاکستانی بیٹر کے 34 رنز بیٹنگ میں زوال کی نشاندہی کرنے لگے ، ابھی تک وہ 20 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں۔ پاکستانی کپتان اظہر علی کی کارکردگی کافی عرصے سے غیرمستقل مزاجی کا شکار ہے، آسٹریلیا سے ہوم سیریز میں بھی وہ ایک سنچری اور ففٹی کے سوا باقی اننگز میں قابل ذکر سکور نہیں کرپائے تھے، کاؤنٹی چیمپئن شپ میں اب تک کھیلے جانے والے 3 میچز میں اظہر کا بیٹ مکمل طور پر خاموش دکھائی دے رہا ہے۔

ووسٹرشائر نے 37 سالہ اظہر علی کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے میتھیو ویڈ کی جگہ بطور غیرملکی کرکٹر خدمات حاصل کی تھیں ،ان سے بہت زیادہ توقعات بھی وابستہ کرلی گئی تھیں، معاہدے پر دستخط کے موقع پر چیئرمین پال پرائیجن نے کہا تھا کہ ہم ایک انتہائی باصلاحیت بیٹر کی خدمات حاصل کررہے ہیں، اظہر ہمارے ڈریسنگ روم کا ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

البتہ ابھی تک اپنی پرفارمنس سے اظہر علی نے ووسٹرشائر کو بھی کافی مایوس کیا ہے، پہلے میچ میں وہ صرف 2 اور 1 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے، دوسرے مقابلے میں 20 رنز بنانے کے بعد ہمت جواب دے گئی ، تیسرے میچ میں بھی ان کی اننگز 6 اور 5 رنز تک محدود رہیں، اس دوران 3 میچز میں انھوں نے مجموعی طور پر 34 رنز بنائے۔

متعلقہ عنوان :