امریکا ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے،چینی ترجمان

ہفتہ 14 مئی 2022 11:58

امریکا  ہمارے اندرونی  معاملات میں مداخلت بند کرے،چینی ترجمان
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2022ء) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاؤ لی جیان نے کہا کہ چین نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ "سنکیانگ میں نسل کشی" کا امریکی دعویٰ بے بنیاد ہے اور یہ مکمل طور پر چند امریکی شخصیات کا گھڑا گیا صدی کا بڑا جھوٹ ہے۔ چینی ریڈیو کے مطابق میڈیا بریفنگ میں انہوں نےکہا کہ امریکی بہتان تراشی کا مقصد چین کی ساکھ کو داغدار کرنے اور چین کی ترقی کو روکنے کے علاوہ کچھ نہیں،تاہم ان کی یہ سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

ترجمان نے امید ظاہر کی کہ امریکا خود اپنے ملک میں پانچ لاکھ مزدور بچوں کے مسئلے پر غور کرے گا اور آبائی باشندوں کی نسل کشی کے معاملے پر توجہ دے گا۔انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے، من گھڑت جھوٹ اور چین کی ترقی میں رخنہ اندازی کی کوششیں بند کرے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے ایک اور سوال کے جواب میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث امریکا میں 10 لاکھ ہلاکتوں پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکا کے لیے جاگنے کا وقت ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ چین کی "ڈائنیمک زیرو کووڈ پالیسی" وبا کی روک تھام و کنٹرول میں انتہائی موثر ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وبا کے خلاف عالمی جنگ بدستور نازک دور میں ہے اور چین اس وبا پر جلد قابو پانے کے لیے دنیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے ۔