لاہور ہائیکور ٹ نے سیلز ٹیکس ترمیمی ایکٹ کے سیکشن چار کوکالعدم قرار دینے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت 23مئی تک ملتوی کردی

پیر 16 مئی 2022 13:54

لاہور ہائیکور   ٹ نے سیلز ٹیکس ترمیمی ایکٹ کے سیکشن چار کوکالعدم قرار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے سیلز ٹیکس ترمیمی ایکٹ کے سیکشن چار کوکالعدم قرار دینے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر 23مئی سماعت تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو تفصیلی دلائل کیلئے طلب کرلیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی سربراہی میں دورکنی خصوصی بنچ نے سماعت کی۔ جس میں ایف بی آر نے سنگل بینچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو نجی کمپنیوں کے وکیل وسیم احمد ملک نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے تحت ٹیکس میں اضافہ وفاقی کابینہ کا اختیار ہے، تاہم سیلز ٹیکس ایکٹ کے سیکشن چارمیں ترمیم کے ذریعے انچارج وزیر کو اختیار دے دیاگیا۔ نجی کمپنیوں کے وکیل نے بتایا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی ایف بی آر کی اپیل مسترد کرچکی، انٹراکورٹ اپیل مسترد کی جائے وکیل نے کہا کہ سنگل بنچ نے سکشن چار میں ترمیم ماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دی ۔

نجی کمپنیوں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیرٹیکس میں اضافہ سپریم کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ایف بی آر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے سیکشن چار کو بلاجواز کالعدم قرار دیا ،استدعا ہے کہ سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیاجائے۔