وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ابوظہبی میں شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

پیر 16 مئی 2022 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے نومنتخب صدر شیخ محمد بن زاید النہیان، النہیان خاندان، یو اے ای کی قیادت اور عوام سے شیخ خلیفہ بن زاید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے شاہی خاندان کے دیگر افراد سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے لئے اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور استقامت کی دعا کی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں شیخ خلیفہ کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے اس افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست سے محروم ہو گیا ہے۔ شیخ خلیفہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ قوم اور ملک کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے شیخ محمد بن زید النہیان کے لئے متحدہ عرب امارات کے نئے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔