سعودی آرامکو کااپنے تجارتی یونٹ کے ابتدائی حصص کی فروخت پرغور

آرامکو کاٹریڈنگ یونٹ 30 ارب ڈالر کی مالیاتی قدرحاصل کرسکتا ہے،ذرائع

بدھ 18 مئی 2022 11:56

سعودی آرامکو کااپنے تجارتی یونٹ کے ابتدائی حصص کی فروخت پرغور
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2022ء) سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو تیل کی قیمتوں میں تیزی کے بعد اپنے تجارتی بازو کی ابتدائی عوامی پیش کش پرغورکررہی ہے۔اس کے ابتدائی حصص کی مالیت اس سال دنیا میں کسی بھی کمپنی سے زیادہ ہوسکتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق باخبرذرائع نے بتایاکہ سعودی ریاست کے زیرانتظام تیل کی بڑی کمپنی گولڈمین سچز گروپ ، جے پی مورگن چیس اینڈ کمپنی اور مورگن اسٹینلے سمیت بینکوں کے ساتھ مل کر اس ضمن میں کام کررہی ہے اور وہ اپنے تجارتی بازو آرامکو ٹریڈنگ کمپنی کے اسٹاک مارکیٹ میں ممکنہ اندراج کا جائزہ لے رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آرامکو کاٹریڈنگ یونٹ دسیوں ارب ڈالر کی مالیاتی قدرحاصل کرسکتا ہے۔ان میں سے دو کا کہنا تھا کہ اس کی مالیت ممکنہ طور پر 30 ارب ڈالر سے زیادہ ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

آرامکو حال ہی میں مالیاتی قدر کے اعتبار سے دنیا کی سب سے امیرکمپنی قرار پائی ہے۔وہ آرامکوٹریڈنگ کی30 فی صد حصص فروخت کرسکتی ہے۔اس طرح وہ اس سال دنیا میں سب سے بڑے ابتدائی حصص کی پیش کش (آئی پی اوز)کرنے والی کمپنی بن جائے گی۔ جنوبی کوریا کے ایل جی انرجی سالوشن نے جنوری میں قریبا 10.8 ارب ڈالر ابتدائی حصص کی فروخت سے جمع کیے تھے۔تیل پیدا کرنے والے دیگر بڑے ممالک نے زیادہ تر اپنے تجارتی یونٹوں کو چھپا رکھا ہے اور منافع کیبڑے ذرائع کے راز افشا کرنے سے محتاط ہیں۔