لاہور میں تین روزہ میگا نمائش ''پاکستان کوٹنگ شو'' کا افتتاح آج ہوگا

بدھ 18 مئی 2022 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) ایکسپو سینٹر لاہور میں تین روزہ میگا نمائش ''پاکستان کوٹنگ شو'' کا افتتاح 19مئی کو (آج )، ہوگا، نامور سائنسدان ڈاکٹر ثمرمند مبارک ساڑے بارہ بجے کوٹنگ شو کا افتتاح کریں گے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن معظم رشید نے پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 350 سے زائد اسٹالز پر فٹ ویئر ، پینٹ ، صابن ، ڈیٹرجنٹ ، ٹیکسٹائل ،کیمیکلز اور دیگر شعبوں کی ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کی مصنوعات کی وسیع رینج کی نمائش کی جائے گی جبکہ اس میگا شو میں سیمینار اور کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ پاکستان کوٹنگ شو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ نمائش میں 100 سے زائد غیر ملکی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیشت اس وقت نازک موڑ پر کھڑی ہے جس کی بحالی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر معظم رشید نے کہا کہ پاکستان کوٹنگ شو پینٹس اور کوٹنگ انڈسٹریز کے لیے بہت بڑا ایونٹ ثابت ہو گا جو صنعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کی نمائش کا موقع فراہم کرتا ہے جہاں کوٹنگ انڈسٹری کے لئے قومی اور بین الاقوامی سپلائرز جدید ترین آلات متعارف کرائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تین روزہ ایونٹ بی ٹو بی ہزاروں شرکاکو نیٹ ورکنگ کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا۔ معظم رشید نے کہا کہ کا نفرنس میں معروف ماہرین اور ماہر مقررین نے شرکت کریں گے کی جو کوٹنگ انڈسٹری میں بدلتے ہوئے رجحانات کا تجزیہ اور ابھرتے ہوئے مواقع کے بارے میں رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ ، مشرق ِوسطہ اور سینٹرل ایشیاپاکستان پینٹ کی برآمد کے لحاظ سے نمایاں مارکیٹیں ہیں اگر حکومت ان شعبوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تو یہ شعبے مزید ترقی کر سکتے ہیں۔