لا افسران کو ہٹانے کیخلاف درخواستوں پر فوری ریلیف کی استدعا مسترد ،سماعت 23مئی تک ملتوی

جمعہ 20 مئی 2022 13:20

لا افسران کو ہٹانے کیخلاف درخواستوں پر فوری ریلیف کی استدعا مسترد ،سماعت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے دور میں لگائے گئے لا افسران کو ہٹانے کے خلاف درخواستوں پر فوری ریلیف کی استدعا رد کر دی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نے مزید سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس امیر بھٹی نے 19 لا افسران کو ہٹانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کے وکیل نیموقف اپنایا کہ لا افسران کو ہٹانے کا حکم متعلقہ وزیر کی جانب سے جاری ہوتا ہے، جس دن یہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اس دن کوئی وزیر ہی موجود نہیں تھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بظاہر تمام وزارتیں وزیر اعلی کی جانب سے ہوتی ہیں، آج آپ سوچ رہے ہوں گے کہ پہلے والے لا افسران کس دل سے گئے ہوں گے آج آپ کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس امیر بھٹی کے ریمارکس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے، قہقہوں پر چیف جسٹس نے کہا کہ انہوں نے یہ بات ایسے نہیں کہی جیسے لوگ سمجھ رہے ہیں، آپ لوگ تو بات کو پکڑ ہی لیتے ہیں۔چیف جسٹس نے درخواست گزاروں کے وکیل کو کہا کہ لا افسران کو خود باعزت طریقے سے استعفی دے دینا چاہیے تھا، ایڈووکیٹ جنرل آفس کی خوبصورتی یہی ہے کہ افسران اسے چیلنج نہ کریں۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ ہٹانے کا حکم حکومت کرتی ہے لیکن یہاں تو کابینہ ہی نہیں ہے۔چیف جسٹس نے لا افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی تقرری بھی کابینہ کی منظوری سے ہوئی ہو گی۔چیف جسٹس نے کہا کہ وہ سوچ کر آئے تھے کہ اس میں ریلیف ہو سکتا ہے لیکن اب لگتا ہے کہ اس میں فوری ریلیف نہیں بنتا۔چیف جسٹس نے کیس کی مزید سماعت پیر تک کیلئے ملتوی کر دی۔