عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں

برطانوی خام تیل کی قیمت 85 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 80 ڈالرز کی سطح سے نیچے چلی گئیں

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 مئی 2024 00:20

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2024ء) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو گئیں، برطانوی خام تیل کی قیمت 85 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 80 ڈالرز کی سطح سے نیچے چلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں مشرق وسطٰی میں کشیدگی کی نئی لہر آنے کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے تھے۔ تاہم گزشتہ چند روز کے دوران مشرق وسطٰی کی مجموعی صورتحال میں قدرے ٹھہراو آنے کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک کاروباری سیشن کے دوران 2 فیصد سے زائد کی کمی ہو ئی ہے۔ برطانوی خام تیل کی قیمت 83 ڈالرز فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 79 ڈالرز کی سطح تک گر گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا پاکستان پر بھی مثبت اثر پڑا ہے۔ پاکستان کی وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق اوگرا کی سمری کی منظوری دی گئی، جس کے بعد وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹی فیکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 42 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 74 پیسے کمی کر دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی اعلان کردہ قیمتیں 15 مئی تک برقرار رہیں گی۔ توانائی کی مارکیٹ سے وابستہ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو مئی کے آخری 15 ایام کیلئے بھی پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کے صارفین کو ریلیف مل سکتا ہے۔