حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں ناکام،ڈالر ڈبل سنچری سے بھی آگے جانے لگا

ملک میں ڈالر کی اونچی اڑٓان جاری ہے، انٹر بینک میں مزید 60 پیسے مہنگا ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر202 روپے پر فروخت ہونے لگا

Umar Nawaz عمر نواز جمعہ 20 مئی 2022 13:12

حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں ناکام،ڈالر ڈبل سنچری سے بھی آگے جانے لگا
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 مئی 2022ء ) حکومت ڈالر کے پر کاٹنے میں ناکام،ڈالر ڈبل سنچری سے بھی آگے جانے لگا،ملک میں ڈالر کی اونچی اڑٓان جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 60 پیسے مہنگا ہو گیا۔ انٹربینک میں ڈالر60 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 200 روپے 60 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر202 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

جمعرات کے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی 1 روپیہ 61 پیسے مہنگی ہوگئی تھی اور 200 روپے 20 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ڈالر کی قیمت انٹربینک میں بھی 200 روپے سے اوپر چلی گئی کیوں کہ ڈالر انٹر بینک میں مسلسل بارہویں روز مہنگا ہوا ہے اور نئی حکومت میں اب تک 17روپے سے زائد مہنگا ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

بدھ کےروز اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ڈبل سینچری کی تھی ، امریکی کرنسی کی بڑھتی ہوئی قیمت کے حوالے سے ماہر معاشیات اور سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اس وقت ڈالر کی قیمت 180 سے نیچے ہونی چاہئیے تھی لیکن ملک میں عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھی ، فیصلہ سازی نہ ہونے سے زرِ مبادلہ جا رہا ہے مگر ملک میں نہیں آ رہا اور ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔

ادھر پاکستان کے چیف اکانومسٹ ڈاکٹر زبیر خان عہدے سے مستعفی ہو گئے ، پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی طرف سے سرکاری اعداد و شمار میں ہیر پھیر کو ڈاکٹر زبیر خان کے مستعفی ہونے کی وجہ قرار دے دیا ، اس حوالے سے پی ٹی ائی رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے اشتہاروں کی طرح سرکاری اعدار و شمار میں بھی جھوٹ بولنے کی کوشش کی ، اس کے نتیجے میں پاکستان کے جیف اکانامسٹ ڈاکٹر زبیر خان نے اپنے منصب سے استعفی دے دیا ۔ دوسری طرف گزشتہ دور حکومت میں امریکی کرنسی ڈالر کا ریٹ بڑھنے پر تنقید کرنے والے اس وقت نئی نئی توجیہات پیش کرتے نظر آرہے ہیں۔