راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت پیپرز آؤٹ ہونے کامعاملہ

وزیر اعلی حمزہ شہباز کاسخت ایکشن،کنٹرولر امتحانات،راولپنڈی ایجوکیشن بورڈ معطل،چیئرمین بورڈ کوعہد ے سے ہٹا دیاگیا‘انکوائری کمیٹی قائم

ہفتہ 21 مئی 2022 00:12

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے تحت پیپرز آؤٹ ہونے کے معاملہ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے کنٹرولر امتحانات،راولپنڈی ایجوکیشن بورڈ شہنشاہ بابرخان اور چیئرمین بورڈ ڈاکٹر خالد محمود کوعہدوں سے ہٹا دیاہے اوراس ضمن میں محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔

فرائض سے غفلت برتنے پرشہنشاہ بابر خان کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کیاگیاہے جبکہ گورنمنٹ گورڈن کالج راولپنڈی کے اسسٹنٹ پروفیسر ناصر محمود اعوان کوکنٹرولر امتحانات کا اضافی چارج دے دیا گیا اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن نورالامین مینگل کو چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی ہدایت پر پیپرز آؤٹ ہونے کے معاملے کی انکوائری کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ڈائریکٹر ایڈمن ڈی پی آئی کالجزصاحبزادہ فیصل خورشیداورایف آئی اے کے سائبر کرائم کا ایک ماہر کمیٹی میں شامل ہوگا۔کمیٹی پیپرز آؤٹ ہونے کی وجوہات اورذمہ داروں کا تعین کرے گی۔کمیٹی آئندہ سے پیپرزآؤٹ ہونے کے واقعات کی روک تھا م کیلئے سفارشات بھی پیش کرے گی۔کمیٹی 7روز میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔