Live Updates

مریم صفدر نے مجھے ، جمشید اقبال چیمہ کو جھوٹے مقدمات در ج کرا کے گرفتار کرانیکی ہدایت کی ہے‘ مسرت جمشید چیمہ

ہم اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہونگے،حق اور سچ کے لئے پہلے سے زیادہ شدت سے قربانی دینگے‘میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 مئی 2022 14:40

مریم صفدر نے مجھے ، جمشید اقبال چیمہ کو جھوٹے مقدمات در ج کرا کے گرفتار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کا پنجاب اسمبلی کو چھائونی میں تبدیل کردینا قابل مذمت ہے ،جب دھونس اور زبردستی وزیر اعلی بنا جائے تو پھر ایسا ہی خوف ہوتا ہے،مریم صفدر نے مجھے اور جمشید اقبال چیمہ کو جھوٹے مقدمات در ج کرا کے گرفتار کرانے کی ہدایت کی ہے ،ہم اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو اور ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوںنے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے افسران کے گھروں پر رات کے اندھیرے میں چھاپے مارے جارہے ہیں،چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے ۔ سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا ہے لیکن جعلی اکثریت رکھنے والوں نے دروازوں کو بند کرکے اہلکار تعینات کردئیے ہیں ،منفی ،اوچھے ہتھکنڈے حواس باختگی اوربوکھلاہٹ نہیں تو اور کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 90شاہراہ قائد اعظم پر اراکین کو سرکاری ناشتہ عوام کے وسائل پر کھلا ڈاکہ ہے ،انہی اللے تللوں کی وجہ سے ملک اربوں ڈالر ز کا مقروض ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ غیر آئینی حکومت کے آلہ کارنہ بنیں، وقت آنے پر انہیں اس کا جواب دینا پڑے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آل شریف نے اپنے غلاموں کو حکم دیا ہے کہ مجھے اور جمشید اقبال چیمہ کو کسی نہ کسی طرح گرفتار کیا جائے، مختلف ذرائع سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے ہیں اوررہیں گے، ملک کیلئے جدوجہد میں گرفتار ی ہمارے لئے ایک اعزاز ہو گی ،یاد رکھیں وقت سداایک جیسا نہیں رہتا۔

انہوںنے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے حق ، سچ کی جدوجہد اور انقلاب کا راستہ نہیں روکا جا سکتا ،اس طرح منفی حربوں سے ہم حق او ر سچ کیلئے پہلے سے زیادہ شدت سے قربانی دینے کیلئے تیار ہوںگے ۔انہوںنے کہا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوںکے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں ، دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات